آصف زرداری سے ملاقات کے بعد حامد سعید کاظمی کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان

2022میں انہوں نے پیپلز پارٹی کو خیر باد کہہ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی

اسلام آبا د (  ویب  نیوز)سابق وفاقی وزیر اور معروف عالم دین حامد سعید کاظمی نے آصف زرداری سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔نجی ٹی وی کے مطابق  پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری سے اسلام آباد کے زرداری ہاس میں معروف عالم دین اور سابق وفاقی وزیر حامد سعید کاظمی نے سابق صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کی اور پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔ملاقات میں عالم دین احمد سعید کاظمی بھی موجود تھے اور انہوں نے بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔اس موقع پر نیر بخاری، مخدوم احمد محمود اور عبدالقادر شاہین بھی موجود تھے۔آصف علی زرداری نے حامد سعید کاظمی اور احمد سعید کاظمی کو دیگر رفقا سمیت پیپلز پارٹی میں شمولیت پر مبارک باد دی۔یاد رہے کہ حامد سعید کاظمی پیپلز پارٹی دور حکومت میں وفاقی وزیر مذہبی امور بھی رہ چکے ہیں۔ 2022 میں انہوں نے پیپلز پارٹی کو خیر باد کہہ کر تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کرلی تھی۔ حامد سعید کاظمی اور دیگر پر سال 2010 میں حج انتظامات میں خورد برد، کرپشن اور قومی خزانے کو اربوں روپے نقصان پہنچانے کے الزامات تھے اور بدعنوانی کے الزام میں 30 مئی 2012 کو ان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔جون 2016 میں اسلام آباد کے اسپیشل جج سینٹرل ملک نذیر احمد نے حج کرپشن کیس میں جرم ثابت ہونے پر سابق وفاقی وزیر مذہبی امور حامد سعید کاظمی کو 16 سال قید کی سزا سنادی تھی۔تاہم 20مارچ 2017 کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق وفاقی وزیر برائے مذہبی امور حامد سعید کاظمی، سابق ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) حج را شکیل اور سابق جوائنٹ سیکریٹری راجہ آفتاب کو حج کرپشن کیس میں باعزت بری کردیا تھا۔