- پٹرول کے مہنگے ہونے کے بعد یہ ریٹس بڑھنے چاہیں ۔وزیرمملکت قانون
اسلام آباد (ویب نیوز)
اوگرا کی جانب سے سرکاری گاڑیاں افسران کو انتہائی کم قیمت میں فراہم کرنے کا انکشاف ہوا ہے جب کہ اوگرا چئیرمین گاڑی 3 روپے فی کلومیٹر میں استعمال کر رہے ہیں ۔ منگل کو سینیٹ کا اجلاس چیئرمین صادق سنجرانی کی صدارت میں ہوا۔ ایک سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ پول میں موجود گاڑیاں ضرورت پڑنے پر افسران کو دی جاتی ہیں۔ افسران فی کلومیٹر 10 روپے پر گاڑیاں استعمال کرتے ہیں تاہم اوگرا کے چئیرمین اور ممبران کے لئے یہ ریٹ 3 روپے ۔ سینیٹر دنیش کمار نے سرکاری افسران کو سستی ریٹ پر گاڑیاں فراہم کرنے پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ کیا اصول ہے کہ افسران تین اور دس روپے فی کلومیٹر گاڑی استعمال کرتے ہیں ۔پیٹرول بھی سرکار فراہم کرتی ہے۔ وزیر مملکت قانون شہادت اعوان نے کہا کہ یہ فیصلہ اوگرا نے خود نہیں کیا ،حکومت کا فیصلہ ہے تاہم پٹرول کے مہنگے ہونے کے بعد یہ ریٹس بڑھنے چاہیں۔