- گورنر پنجاب نے پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے سیکریٹری الیکشن کمیشن، سپیکر پنجاب اسمبلی اور ق پارلیمانی لیڈر پاکستان تحریک انصاف سردار عثمان بزدار کو مراسلے بھیج دیئے
- پنجاب اسمبلی گورنر پنجاب کے آرڈر سے تحلیل نہیں ہوئی اس لیے اس صورتحال پر آئین کے آرٹیکل 105 کی شق 3 کا اطلاق نہیں ہوتا
- ملک کی موجودہ سیکیورٹی اور معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور آئین کے مطابق آگے کی ضروری کارروائی کرئے۔ محمد بلیغ الرحمن
- گورنر پنجاب سے پنجاب یونیورسٹی اور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلرز کی ملاقات
لاہور (ویب نیوز)
گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے سیکریٹری الیکشن کمیشن ، سپیکر پنجاب اسمبلی اور اور سابق پارلیمانی لیڈر پاکستان تحریک انصاف سردار عثمان بزدار کو مراسلے بھیج دیئے۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے سیکرٹری الیکشن کمیشن ، سپیکر پنجاب اسمبلی اور سابق پارلیمانی لیڈر پاکستان تحریک انصاف سردار عثمان بزدار کے پنجاب اسمبلی کے الیکشن کی تاریخ کے حوالے سے خطوط کے جواب دے دیئے۔خطوط کے متن کے مطابق چونکہ پنجاب اسمبلی گورنر پنجاب کے آرڈر سے تحلیل نہیں ہوئی اس لیے اس صورتحال پر آئین کے آرٹیکل 105 کی شق 3 کا اطلاق نہیں ہوتا ۔اس کی بجائے اب انتخابی عمل آ ئین کے آرٹیکل 218 کی شق 3 کے ساتھ پڑھے گئے آرٹیکل 224 اور الیکشنز ایکٹ 2017 کی قابل اطلاق شقوں کے مطابق ہونا ہے ۔ملک کی موجودہ سیکیورٹی اور معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے الیکشن کمیشن تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے اور آئین کے مطابق آگے کی ضروری کارروائی کرئے۔جبکہ سابق پارلیمانی لیڈر پاکستان تحریک انصاف سردار عثمان بزدار کو مراسلے میں گورنر پنجاب نے کہا کہ آپ نے اپنے مراسلے کے پیرا 2 میں جس آرڈر کا ذکر کیا ہے ایسا کوئی آرڈر جاری نہیں کیا گیا۔ خطوط میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جب بھی ضرورت پڑے، میرا آفس آئین اور قانون کے مطابق اپنے فرائض سر انجام دے گا۔ دریں اثنا،گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن سے گورنر ہائوس لاہور میں وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر اور خاتم النبیین صلی اللہ علیہ وسلم یونیورسٹی کے نئے تعینات ہونے والے وائس چانسلر رائے منظور حسین نے ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے خاتم النبین صلی اللہ علیہ وسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر کو مبارک باد دی اور عہدہ سنبھالنے پر نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ خاتم النبین صلی اللہ علیہ وسلم یونیورسٹی، انشاللہ، صرف ملک نہیں بلکہ پوری دنیا میں نام پیدا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ خاتم النبینۖ یونیورسٹی بہت اہم موضوع پر بنائی گئی ہے اس لیے یہ بہت اہم اور بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کو درپیش تمام مسائل کے حل کے لئے چانسلر آفس سے بھر پور تعاون کیا جائے گا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ہمیں تعلیمی شعبے پر نہ صرف بھر پور توجہ دینا ہوگی بلکہ اس کے معیار کو مزید بلند بھی کرنا ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ بطور چانسلر جامعات میں گورننس کے معاملات میں بہتری لانا اور اعلی تعلیم کا فروغ ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان کی یونیورسٹیاں عالمی درجہ بندی میں بہتر کرکردگی دکھا رہی ہیں۔