سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف79 برس کی عمر دبئی میں انتقال کرگئے

جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرِ علاج تھے

مسلح افواج کے سربراہوں کا سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے

دبئی(ویب  نیوز)

سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف 79 برس کی عمر میں دبئی میں انتقال کر گئے۔ اہل خانہ نے بتایا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کا ا توار کو علی الصبح دبئی کے اسپتال میں انتقال ہوا ہے۔سفارتی ذرائع کے مطابق جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف طویل عرصے سے امریکن اسپتال دبئی میں زیرِ علاج تھے۔سابق صدر پرویز مشرف 11 اگست 1943 کو دہلی میں پیدا ہوئے، انہوں نے کراچی کے سینٹ پیٹرک ہائی اسکول سے تعلیم حاصل کی۔پرویز مشرف نے بعد میں ایف سی کالج لاہور سے تعلیم حاصل کی اور 1961 میں پاک فوج میں کمیشن حاصل کیا۔سابق صدر پرویز مشرف نے بعد میں اسپیشل سروسز گروپ میں شمولیت اختیار کی، انہوں نے 1965 اور 1971 کی جنگوئوں میں بھی حصہ لیا۔پرویز مشرف 7 اکتوبر 1998 کو چیف آف آرمی اسٹاف کے عہدے پر فائز ہوئے۔پرویز مشرف نے 12 اکتوبر 1999 کو نواز شریف حکومت ختم کر کے چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ سنبھالا۔پرویز مشرف نے نائن الیون کے حملے کے بعد فرنٹ لائن اتحادی بننے کی امریکی پیشکش قبول کی۔اپریل 2002 میں ریفرنڈم کرا کے پرویز مشرف باقاعدہ صدرِ پاکستان منتخب ہوئے۔پرویز مشرف 2004 میں آئین میں 17 ویں ترمیم کے ذریعے مزید 5 سال کے لیے باوردی صدر منتخب ہوئے۔جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف نے نومبر 2007 میں آئین مخالف اقدامات کر کے اعلی عدلیہ کے ججز کو معزول کیا۔پرویز مشرف 18 اگست2008 کو صدارت سے مستعفی ہو کر ملک سے باہر چلے گئے۔پرویز مشرف کو 17 دسمبر 2019 میں خصوصی عدالت نے آرٹیکل 6 کا مجرم قرار دے کر سزائے موت سنائی تھی۔پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس نواز شریف دورِ حکومت میں دائر کیا گیا تھا۔

چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزااورتینوں مسلح افواج کے سربراہوں نے سابق صد، سابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور سابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل (ر)پرویز مشرف کے انتقال پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ سابق صد جنرل (ر)پرویز مشرف اتوار کے روز دبئی کے ایک نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے ۔ ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل احمد شریف چوہدری کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزااورتینوں مسلح افواج کے سربراہوں نے مرحوم کے جنت میں درجات کی بلندی کے لئے دعا کی ہے ۔جبکہ مسلح افواج کی قیادت نے جنرل (ر)پرویز مشرف کے خاندان کے ساتھ اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ انہیں یہ صدمہ برداشت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔