آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر میں یوم یکجہتی کشمیر کی خصوصی تقریبات
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی،شہباز شریف کا وفاقی وزراء کے ہمراہ دورہ مظفر آباد
شہباز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ یادگار شہداء پر گئے اور یادگار پر پھول چڑھائے
مظفرآباد(ویب نیوز) وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کا وفاقی وزراء کے ہمراہ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کرنے دارالحکومت مظفرآباد آمد پر سخت سیکورٹی انتظامات ، ہیلی پیڈ پر قائم مقام صدر ریاست چودھری انوارالحق اور وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کابینہ اراکین کے ہمراہ معزز مہمانوں کا استقبال کیا، وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے ہمراہ یادگار شہداء پر گئے اور یادگار پر پھول چڑھائے شہداء کے ایصال ثواب کے لیے خصوصی دعا کی پاک فوج کے دستے نے سلامی دی، جس کے بعد وزیراعظم پاکستان آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی سیکرٹریٹ پہنچے تو آزادکشمیر پولیس کے چاق و چوبند اعزازی گارڈز کے دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ سلامی کے چبوترے پر صدر آزادکشمیر چودھری انوارالحق اور وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان ہمراہ تھے اس سے قبل وزیراعظم پاکستان جب بذریعہ ہیلی کاپٹر پریڈ گراونڈ اترے تو قائم مقام صدر ریاست چودھری انوارالحق اور وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے اراکین کابینہ چیف سیکریٹری و آئی جی کے ہمراہ انکا تپاک استقبال کیا وفد میں وفاقی وزرا خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب، مرتضٰی جاوید عباسی، مشیر امور کشمیر قمرالزمان کائرہ بھی شامل تھے، وزیراعظم پاکستان کے قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کو ریڈیو پاکستان، ریڈیو آزاد کشمیر مظفرآباد اور میرپور سمیت پاکستان ٹیلی ویڑن نیوز نے براہ راست نشر کیا جبکہ نجی ٹیلی ویڑنز، ریاستی اخبارات کے صحافیوں کو کوریج اور وزیراعظم پاکستان سے گفتگو کا موقع حسب سابق فراہم نہیں کیا گیا، سول سیکرٹریٹ چھتر دومیل کے علاقہ کو نوگو ایریا قرار دیکر ہر قسم کی نجی وپبلک ٹرانسپورٹ کی نقل و حمل پر پابندی عائد تھی جس سے ہزار افراد شدید مشکلات کا شکار ہوئے۔
آزاد جموں وکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت پاکستان بھر میں اتوار کو یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا ۔ اس موقع پر پاکستان بھر میں عام تعطیل رہی اور سرکاری طور پرجموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے مختلف تقریبات کا اہتمام کیا گیا ۔ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد کشمیری عوام کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے حصول کی منصفانہ جدوجہد کیلئے پاکستان کے عوام کی جانب سے غیر متزلزل حمایت کا اظہار کرنا ہے اورکشمیریوں کے خلاف قابض بھارتی فوج کے بدترین مظالم کو بے نقاب کرنا بھی ہے۔۔ اس موقع پرپاکستانی عوام اور حکومت ایک مرتبہ پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ کہ وہ مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگوں کی تائید و حمایت اس وقت تک جاری رکھیں گے جب تک انہیںاپنا پیدائشی حق ، حق خود ارادیت نہیں مل جاتا۔یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں وفاقی دارلحکومت اسلام آباد اور چاروں صوبائی دارلحکومتوں لاہور، کراچی ، پشاور، اور کوئٹہ کو جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے بینروں سے سجایا گیا ہے۔۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرملک بھر میں صبح دس بجے ایک منٹ کیلئے خاموشی اختیار کی گئی اور کشمیری شہدا کی قربانیوں کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لئے سائرن بجائے گئے ۔اسلام آباد، مظفر آباد، گلگت اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں یکجہتی واکزکا بھی اہتمام کیا گیا ۔کوہالہ سمیت پاکستان اور آزاد کشمیرکو ملانے والے دیگر اہم مقامات پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنائی گئیں ۔وزیراعظم محمد شہبازشریف نے مظفرآباد میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کیا ۔ پی ٹی وی ، نجی ٹیلی وژن اورریڈیو پاکستان بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے خصوصی پروگرام نشر کیے گئے ۔