سری نگر (ویب نیوز)
کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے جدوجہد آزادی میں مصروف کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا ہے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ اور سینئر رہنما شبیر شاہ نے بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغامات میں کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جاری جدوجہد کی بھرپور حمایت کرنے پر حکومت پاکستان اور عوام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے سے کشمیر کاز کے تئیں پاکستان کی مستقل پالیسی، غیر متزلزل عزم اور وفاداری کا بھرپور اظہار ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کی جانب سے مسلسل حمایت کو دل کی گہرائیوں سے سراہتے ہیں جو مصیبت زدہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑا ہے اور بہت سے مشکل چیلنجز کا سامنا کرنے کے باوجود عالمی سطح پر ان کی وکالت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پاکستان اس وقت تک اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا جب تک کہ ہم بھارت کے غیر قانونی اور جبری قبضے سے آزادی کے اپنے اہم مقصد کو حاصل نہیں کر لیتے۔کشمیر کاز کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان نے کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی کو علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہر ممکن تعاون فراہم کرنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔پاکستانی عوام کے لیے امن، خوشحالی اور معاشی استحکام کی دعا کرتے ہوئے حریت رہنمائوں نے کہاکہ سیاسی طور پر مستحکم اور معاشی طور پر مضبوط پاکستان کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی کامیابی کا ضامن ہے۔