سری نگر (ویب نیوز)
مقبوضہ جموں وکشمیر میں گزشتہ 33 برس کے دوران بھارتی فوجی کارروائیوں میں 900 سے زائد کشمیری بچے بھی شہید ہوئے ہیں جبکہ پیلٹ گن کے چھرے لگنے کیوجہ سے سینکڑوں بچے اپنی بینائی سے محروم ہو چکے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجی آپریشنز کے دوران 1990 سے اب تک ہزاروں کشمیری بچے اپنے والدین کھو چکے ہیں۔ گزشتہ تین دہائیوںکے دوران بیسیوں کشمیری بچوں نے اپنی کمسنی کے دن بھارتی حراستی مراکز میں گزارا جبکہ جنوری 1989 سے رواں برس31جنور ی تک1لاکھ7ہزار8سو 96 بچے یتیم ہوئے۔جموں و کشمیر میں بچے بھی بڑے پیمانے پر بھارتی جبر و استبداد کا شکار ہیں اور بھارتی فوجی انہیں بھی قتل، گرفتار اور اغوا کر رہے ہیں۔ بھارتی فوجی محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں کے دوران کم سن بچوں کو بھی نشانہ بناتے ہیں اور وہ اپنی آنکھوں کے سامنے اپنے پیاروں کو قتل ہوتے دیکھے ہیں جسکی خوفناک یادیں عمر بھر کیلئے ان کے ذہنوں میں رچ بس جاتی ہیں۔ بھارت کی طرف سے بچوں کے حقوق کے کنونشن کی عدم تعمیل عالمی ضمیر پر سوالیہ نشان ہے۔