پشاور (ویب نیوز)
خیبرپختونخوا سے قومی اسمبلی کے 16 حلقوں پر 19 مارچ 2023 کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے لئے ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسران نے انتخابی قوانین کے مطابق پشاور میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھا لیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر شمشاد خان نے ان سے حلف لیا۔حلف اٹھانے والے ڈی آر اوز میں این اے 5 کے لئے جہانزیب خان، این اے 6 اور این اے 7 لوئر دیر کے لئے محمد اقبال، این اے 8 ملاکنڈ کے لئے ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ، این اے 9 بونیر کے لئے اسلم خان، این اے 16 عزیز بہادر، این اے 20 مردان ڈپٹی کمشنر مردان، این اے 28 اور این اے 30 پشاور سعید احمد خان، این اے 34 کرک کے لئے ڈپٹی کمشنر کرک، این اے 40 باجوڑ کے لئے اجمل حفیظ نے حلف لیا۔ جبکہ این اے 2 اور این اے 3 سوات کے لئے ڈی آر او فرید اللہ، این اے 19 صوابی کے لئے رحم زادہ اور این اے 44 شاہد علی نے 16 مارچ کو ہونیوالے ضمنی انتخابات کے پہلے مرحلے میں اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا تھا۔ ڈی آر اوز اپنے متعلقہ ریٹرننگ و اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران سے ان کے عہدوں کا حلف لیں گے جبکہ آر اوز بعدازاں پرئیذائیڈنگ افسران سے حلف لیں گے۔دوسرے مرحلے کے لئے جاری شیڈول کے مطابق 8 فروری کو ریٹرننگ افسران پبلک نوٹس جاری کریں گے۔ 10 سے 14 فروری تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جاسکیں گے، 15 فروری کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے والے امیدواروں کی فہرست شائع اور 18 فروری تک ان کاغذات کی جانچ پڑتال کی جائیگی۔ریٹرننگ افسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 22 فروری تک متعلقہ ایپلیٹ ٹرائیبونل کے پاس جمع کرائے جاسکیں گی۔ ایپلیٹ ٹرائیبونل کی جانب سے ان اپیلوں پر فیصلہ 27 فروری تک کیا جائیگا۔ 28 فروری کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائیگی۔ یکم مارچ تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے۔ 2 مارچ 2023 کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری اور انہیں انتخابی نشانات الاٹ کئے جائینگے۔ جبکہ پولنگ 19 مارچ 2023 کو ہوگی۔