- ملتان: تحریک انصاف کے رہنما ملک عامر ڈوگر سمیت متعدد کارکنان گرفتار،ن لیگی امیدوار شیخ طارق اور لیگی رہنما ملک انور بھی گرفتار
- عامر ڈوگر کی گرفتاری سے جیل بھرو تحریک کا آغاز ہو گیا،فواد چوہدری
- پی ٹی آئی کے سابق چیف وہپ کی گرفتاری حکومت کی بڑھتی ہوئی فسطائیت کی ایک اور تازہ مثال ہے۔اسد عمر
ملتان (ویب نیوز)
الیکشن کمیشن کے دفتر میں ہنگامہ آرائی کے الزام میں پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما ملک عامر ڈوگر سمیت 10 کارکنان کو ڈیرے پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا۔الیکشن کمیشن میں حلقہ این اے 155 کے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کے موقع پر مسلم لیگ ن اور تحریک انصاف کے کارکنان میں تصادم ہوا جس کے بعد الیکشن کمیشن کا دفتر میدان جنگ بنا۔الیکشن کمیشن نے واقعے کا نوٹس لیکر ملزمان کیخلاف کارروائی کا اعلان کیا تھا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری نے ملک عامر ڈوگر کو انکے ڈیرے سے 10 کارکنان سمیت گرفتار کرلیا۔سٹی پولیس افسر رانا منصور کے مطابق چھاپے کے دوران پی ٹی آئی کے 10 سے زائد کارکنوں کوحراست میں لیا گیا۔انہوں نے کہا کہ حراست میں لیے گئے کارکنوں پر الیکشن کمیشن میں ہنگامہ آرائی کا الزام ہے اور الیکشن کمیشن کی جانب سے درخواست کے بعد سی سی ٹی وی کی مدد سے مزید ملزمان کی شناخت کی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ہنگامہ آرائی میں ملوث مسلم لیگ (ن) کے امیدوار شیخ طارق رشید اور کارکنوں کیخلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔پی ٹی آئی رہنما عامر ڈوگر نے بھی کارکنوں کے ہمراہ گرفتاری دینے پر اصرار کیا اور کہا کہ کارکنوں کوحراست میں لیا ہے تو میں بھی آپ کے ساتھ چلوں گا۔دوسری جانب پولیس نے ملک عامر ڈوگر کی گرفتاری کی تردید کی اور کہا کہ ملک عامر ڈوگر کو گرفتار نہیں کیاگیا۔انہوں نے کہا کہ ملک عامر ڈوگر خود کارکنوں کیساتھ گرفتاری دینے آئے ہیں۔پولیس نے لیگی امیدوار شیخ طارق اور لیگی رہنما ملک انور کو بھی حراست میں لیا ہے۔ دونوں کو نشتر اسپتال سے گرفتار کیا گیا۔پی ٹی آئی اور ن لیگ کے کارکنان نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کی جبکہ تصادم کے دوران الیکشن کمیشن آفس کے دروازوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔ادھر ملتان میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے عامر ڈوگر اور دیگر کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا۔ کارکنوں نے دو مقامات پر ٹائر نذرآتش کرکے سڑک کو ٹریفک کیلئے بند کردیا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری اسد عمر نے عامر ڈوگر اور کارکنان کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے سابق چیف وہپ کی گرفتاری حکومت کی بڑھتی ہوئی فسطائیت کی ایک اور تازہ مثال ہے۔پی ٹی آئی کے رہنما فرخ حبیب نے کہا کہ عامر ڈوگر کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہے، پی ڈی ایم اوچھے ہتھکنڈوں کا استعمال بند کرے اور عامر ڈوگر کو فوری رہا کیا جائے ،فواد چودھری نے کہا ہے عامر ڈوگر کی گرفتاری سے جیل بھرو تحریک کا آغاز ہو گیا ہے۔اپنے ٹویٹ میں فواد چودھری نے کہا کہ جیل بھرو تحریک مثبت ثابت ہو گی، ہر معمولی معاملے کو جواز بنا کر پی ٹی آئی رہنماوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے، جو کچھ بھارت کشمیر میں کر رہا ہے وہی کچھ یہاں ہو رہا ہے۔خیال رہے کہ ملک عامر ڈوگر قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے چیف وہپ رہے ہیں اور سابق وزیراعظم عمران خان کے سابق معاون خصوصی برائے سیاسی امور بھی رہے۔۔