سائفرکیس ، چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت 4 ستمبر تک ملتوی

 چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کے لئے اٹک جیل میں رکاوٹ پیدا نہ کی جائے،وکیل سلمان صفدر

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے درخواست ضمانت پر دلائل سننے کی استدعا

سپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر دلائل سننے کی مخالفت کی گئی

چیئرمین پی ٹی آئی نے اس عدالت سے متعلق ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں ،پراسیکیوٹرایف آئی اے

ہائیکورٹ سے درخواستیں واپس لے لیتے ہیں، درخواستِ ضمانت کے معاملے پر ہائیکورٹ نے اسٹے نہیں دیا،وکیل انتظارپنجوتھا

 کیس کی سماعت ملتوی ہو چکی، اب کچھ نہیں ہو سکتا،پراسیکیوٹرایف آئی اے

اسلام آباد (ویب  نیوز)

سائفر کیس میں گرفتار چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی درخواست ضمانت پر سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی گئی۔نجی ٹی وی ذرائع کے مطابق سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت سپیشل سیکریٹ کورٹ کے جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے ان کیمرا کی۔  چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان اور سلمان صفدر نے درخواست ضمانت پر دلائل دیئے اور سلمان صفدر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء کے لئے اٹک جیل میں رکاوٹ پیدا نہ کی جائے، اٹک جیل جب بھی گئے تو وکلا کو ڈیڑھ کلومیٹر پیدل چلنا پڑا، اٹک جیل میں ٹرائل کے خلاف درخواست دائر ہے۔  چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے درخواست ضمانت پر دلائل سننے کی استدعا کی گئی جبکہ سپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر دلائل سننے کی مخالفت کی گئی۔ذرائع کے مطابق سپیشل پراسیکیوٹر ایف آئی اے نے پی ٹی آئی کی لیگل ٹیم کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواستوں پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ درخواست ضمانت پر سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ذرائع کا بتانا ہے دوران سماعت ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اس عدالت سے متعلق ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کر رکھی ہیں جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل انتظار پنجوتھا کا کہنا تھا ہم ہائیکورٹ سے درخواستیں واپس لے لیتے ہیں، درخواستِ ضمانت کے معاملے پر ہائیکورٹ نے اسٹے نہیں دیا۔ایف آئی اے پراسیکیوٹر نے کہا کہ کیس کی سماعت ملتوی ہو چکی، اب کچھ نہیں ہو سکتا۔فریقین کے دلائل سننے کے بعد سپیشل سیکرٹ کورٹ کے جج نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر سماعت 4 ستمبر تک ملتوی کر دی۔