سپریم کورٹ میں آئندہ عدالتی ہفتے کے دوران اہم مقدمات کی سماعت ہوگی، آٹھ بینچز تشکیل دیئے گئے

 سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف مرحوم کوموت کی سزا کے خلاف دائر اپیل کی سماعت 21نومبر کو ہوگی

سابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سائفر کیس میں میں دائر درخواست ضمانت  کی سماعت بھی ہوگی

اسلام آباد(ویب  نیوز)

سپریم کورٹ آف پاکستان میں آئندہ عدالتی ہفتے کے دوران اہم مقدمات کی سماعت ہوگی، جن میںپاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے سائفر میں دائر درخواست ضمانت، غداری کیس میں خصوصی عدالت کی جانب سے سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف  مرحوم کوموت کی سزا کے خلاف اپیل اور لاہور ہائی کورٹ کے سابق جسٹس اور سپریم کورٹ کے موجودہ جج سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کی جانب سے خصوصی عدالت کو غیر قانونی قراردینے ، ملک ریاض حسین اوردیگر کے خلاف بحریہ ٹائون کراچی کے حوالہ سے عملدرآمد کیس،وفاقی حکومت کی جانب سے شوگر ملوں پر ایک فیصد اضافی کسٹم ڈیوٹی لگانے کے معاملہ کولاہور ہائی کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے کالعدم قراردینے کے خلاف کمشنر ان لینڈ ریونیو کی جانب سے دائر درخواستوں اوردیگر اہم کیسز کی سماعت ہو گی۔ 20نومبر سے شروع ہونے والے عدالتی ہفتے کے دوران کیسز کی سماعت کے لئے سپریم کورٹ کے کل آٹھ بینچز تشکیل دیئے گئے ہیں جن دو پانچ اورچاررکنی لارجر بینچز، چار،تین رکنی اوردو،دورکنی بینچ شامل ہیں۔ چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ مشتمل ریگولر بینچ نمبر 1، سوموار سے جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میںجسٹس یحییٰ خان آفریدی اورمسز جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل تین رکنی بینچ نمبر2سوموار سے جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میںجسٹس سید حسن اظہر رضوی اور جسٹس عرفان سعادت خان پر مشتمل تین رکنی بینچ نمبر3سوموار سے جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا،جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل دورکنی بینچ نمبر 4سوموار سے جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا، جسٹس منیب اختر کی سربراہی میں جسٹس شاہد وحید اورجسٹس مس مسرت ہلالی پر مشتمل بینچ نمبر 5سوموار سے جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا،جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جس جسٹس محمد علی مظہر پر مشتمل دورکنی بینچ نمبر6سوموار سے جمعہ تک کیسز کی سماعت کرے گا۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس امین الدین خان اور جسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل چاررکنی لارج بینچ21نومبر کو منگل کے روز دن ساڑھے 11بجے غداری کیس میں خصوصی عدالت کی جانب سے سابق صدر جنرل (ر)پرویز مشرف  مرحوم  کوموت کی سزا کے خلاف دائر اپیل اور لاہور ہائی کورٹ کے سابق جسٹس اور سپریم کورٹ کے موجودہ جج سید مظاہر علی اکبر نقوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کی جانب سے خصوصی عدالت کو غیر قانونی قراردینے کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ عدالت نے تمام وکلاء کو ہدایت کی تھی کہ وہ آئندہ سماعت پر اسلام آباد آکر دلائل دیں۔ چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی ریگولر بینچ 23نومبر جمعرات کے روزملک ریاض حسین اوردیگر کے خلاف بحریہ ٹائون کراچی کے حوالہ سے عملدرآمد کیس کی سماعت کرے گا جبکہ اسی روز چیف جسٹس قاضیٰ فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ و فاقی حکومت کی جانب سے شوگر ملوںپرایک فیصد اضافی کسٹم ڈیوٹی لگانے کے معاملہ کولاہور ہائی کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے کالعدم قراردینے کے خلاف کمشنر ان لینڈ ریونیو کی جانب سے دائر درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر شوگر ملوں کے وکلاء سابق وزیر قانون سینیٹر بیرسٹر ڈاکٹر محمد فروغ نسیم، سابق اٹارنی جنرل بیرسٹر خالد جاوید خان اوردیگر کو اسلام آباد آکر عدالت کی معاونت کرنے کی ہدایت کی تھی۔جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میںجسٹس یحییٰ خان آفریدی اورمسز جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل تین رکنی بینچ 22نومبر کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی سائفر کیس میں دائر درخواست ضمانت پر سماعت کرے گا۔ بینچ 22نومبر کو کل 32کیسز کی سماعت کرے گا جبکہ چیئرمین پی ٹی کی ضمانت کا کیس 30ویں نمبر پر سنا جائے گا۔ عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ کے سینئر وکیل حامد خان اوربیرسٹر سلمان صفدر ایڈووکیٹ پیش ہوکردلائل دیں گے۔ جبکہ وفاق کی نمائندگی ڈپٹی اٹارنی جنرل کریں گے۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی ، جسٹس محمد علی مظہراورجسٹس شاہد وحید پر مشتمل پانچ رکنی لارجر بینچ 21نومبر کو منگل کے روز دن ساڑھے 11بجے محمد احمد گل ودیگر اور برگیڈیئر (ر)عبدالرائوف ملک اوردیگر کی جانب سے وفاقی ترقیاتی ادارے(سی ڈی اے) کے خلاف اس کے چیئرمین اوردیگر کے توسط سے دائردو درخواستوں پر سماعت کرے گا۔ کیس میں اٹارنی جنرل بیرسٹر منصور عثمان اعوان وفاق کی نمائندگی کریں گے جبکہ سی ڈی اے کوبھی نوٹس جاری کیا گیا ہے۔کیس میں محمد منیر پراچہ، ملک جاوید اقبال وینس، بیرسٹر عمر اسلم خان بطور وکیل پیش ہوں گے۔