سائفر کیس، اسلام آباد ہائیکورٹ عمران خان کی درخواست ضمانت پر سماعت کرے گی

ڈائری نمبر لگنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پیر کے لیے مقرر کر دی گئی ہے

اسلام آباد( ویب  نیوز )

اسلام آباد ہائی کورٹ میں  چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سائفر کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری درخواست کی سماعت ہوگی۔اٹک جیل میں قید چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے سائفر کیس میں ضمانت بعد از گرفتاری کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی ۔رجسٹرار آفس نے عمران خان کی درخواست پر ڈائری نمبر لگا دیا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار آفس نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت کو 1354/2023 نمبر الاٹ کردیا ہے۔ ڈائری نمبر لگنے کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پیر کے لیے مقرر کردی گئی ہے اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اس درخواست کی سماعت کریں گے۔۔عمران خان نے اپنے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کے ذریعے ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں انہوں نے عدالت سے ضمانت پر رہا کرنے کی استدعا کی۔انہوں نے درخواست میں کہا کہ استغاثہ نے بدنیتی پر مبنی مقدمہ درج کیا اور مجھے بدنیتی سے اس من گھڑت مقدمے میں نامزد کیا ، 14 ستمبر کو آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے بے ضابطگیوں و استغاثہ کے متعدد تضادات کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے درخواست ضمانت مسترد کردی۔۔یاد رہے کہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی خصوصی عدالت نے عمران خان کی درخواست ضمانت مسترد کردی تھی۔جج ابوالحسنات ذوالقرنین کی جانب سے تحریر کردہ فیصلے میں کہا گیا کہ ہمیں اس بات کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے کہ یہ ایک ٹاپ سیکرٹ کیس ہے اور عمران خان اور شاہ محمود قریشی کے خلاف ناقابل تردید شواہد کیس سے تعلق ثابت کرنے کے لیے کافی ہیں، ملزمان آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی سیکشن 5 اور 9 اور ناقابل ضمانت دفعات کے بظاہر جرم کے مرتکب ٹھہرے ہیں۔