- عدالت نے درخواست گزار کی نئی دستاویزات ریکارڈ پر لانے کی متفرق درخواست منظور کرلی
- کیا کسی کو جواب جمع کرانے کیلئے مجبور کیا جا سکتا ہے؟ آپ میرٹ پر دلائل دے دیں،جسٹس محسن اختر کیانی کا درخواست گزار کے وکیل سے استفسار
- عمران خان کی 7 حلقوں سے کامیابی کا نوٹی فکیشن جمع کرائیں گے،وکیل الیکشن کمیشن
- ایک تاریخ رکھیں گے، اس پر قابل سماعت ہونے پر دلائل سنیں گے،چیف جسٹس عامر فاروق
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی میں بیٹی ٹیریان کو ظاہر نہ کرنے پر عمران خان کیخلاف نااہلی کیس میں حتمی دلائل طلب کر لئے ، سماعت یکم مارچ تک ملتوی کردی گئی ۔جمعرات کواسلام آباد ہائی کورٹ میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیراعظم عمران خان کو نااہل کرنے کی درخواست پرچیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میں بینچ نے سماعت کی ۔ دوران سماعت عدالت نے درخواست گزار کی جانب سے عمران خان کے خلاف نئی دستاویزات ریکارڈ پر لانے کی متفرق درخواست منظور کرلی جبکہ عمران خان کی نااہلی کے کیس کو قابل سماعت ہونے پر حتمی دلائل بھی اگلی سماعت پر طلب کرلئے۔سماعت کا آغاز ہوا تو جسٹس محسن اختر کیانی نے درخواست گزار کے وکیل سلمان بٹ سے مکالمہ کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا کسی کو جواب جمع کرانے کیلئے مجبور کیا جا سکتا ہے؟ وہ جواب نہیں بھی دیتے تو آپ میرٹ پر دلائل دے دیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ کیا الیکشن کمیشن کوئی مزید دستاویز ریکارڈ پر لانا چاہتا ہے؟ جس پر الیکشن کمیشن کے وکیل نے کہا کہ عمران خان کی 7 حلقوں سے کامیابی کا نوٹی فکیشن جمع کرائیں گے۔اس موقع پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ایک تاریخ رکھیں گے، اس پر قابل سماعت ہونے پر دلائل سنیں گے۔ عدالت نے عمران خان کے وکیل سلمان اکرم راجہ کی استدعا پر سماعت یکم مارچ تک ملتوی کردی۔