اسلام آباد (ویب نیوز)
آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان کی صدارت میں کابینہ کی ترقیاتی کمیٹی کے اعلی سطح کے اجلاس میں 6 ارب 27 کروڑ 5 لاکھ 20 ہزار روپے مالیت کے 11 منصوبوں کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں وزرا کرام،مشیران،معاونین خصوصی،چیف سیکرٹری اور سیکرٹریز نے شرکت کی۔جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں فزیکل پلاننگ و ہاسنگ کے تین ارب سے زائد کے پانچ،تعمیرات عامہ کے دو ارب سے زائد کے چار،اور صحت اور تعلیم کا انچاس کروڑ اور چوالیس کروڑ سے زائد کا ایک ایک منصوبہ شامل ہے۔فزیکل پلاننگ و ہاسنگ میں جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں سپریم کورٹ و ہائی کورٹ کی تعمیر نو میں باقی سہولتوں کی فراہمی اور ہائی کورٹ بلڈنگ مظفرآباد میں لفٹ کی تنصیب کا 42 کروڑ 65 لاکھ 94 ہزار مالیت،راولاکوٹ واٹر سپلائی فیز ون کے دریک ڈیم کے بقایا کام کا 86 کروڑ 68 لاکھ 41 ہزار مالیت،ضلع سدھنوتی میں واٹر سپلائی سکیم پلندری کی اپ گریڈیشن کا 74 کروڑ 4 لاکھ 23 ہزار مالیت،ضلع کوٹلی میں واٹر سپلائی سکیم ٹی ایچ کیو چڑھوئی کا 66 کروڑ 33 لاکھ 88 ہزار مالیت اور گریٹر واٹر سپلائی سکیم ہٹیاں بالا کا 43 کروڑ 71 لاکھ 26 ہزار مالیت کے منصوبہ جات شامل ہیں۔کمیونیکشن اینڈ ورکس میں جن منصوبوں کی منظوری دی گئی ان میں ضلع مظفرآباد میں مظفرآباد شہر میں چوکوں کی ری ماڈلنگ کا 72 کروڑ 43 لاکھ 82 ہزار مالیت, ضلع بھمبر میں سالار نالے پر آر سی سی پل اور پنجیڑی،کلری کسگمہ روڈ کی تعمیر کا 53 کروڑ 10 لاکھ 70 ہزار مالیت،ضلع بھمبر میں جنڈالہ پیر گلی روڈ پارٹ ون کی اپ گریڈیشن کا 45 کروڑ 15 لاکھ 26 ہزار مالیت اور ضلع کوٹلی میں کوٹلی نکیال روڈ کے باقی حصے کی ری کنڈیشنگ کا 48 کروڑ 87 لاکھ 4 ہزار مالیت کے منصوبے شامل ہیں۔صحت کے شعبے میں 250 بیڈ کے ڈی ایچ کیو ہسپتال پلندری میں باقی سول ورک اور سازو سامان کی فراہمی کا 49 کروڑ 60 لاکھ 78 ہزار مالیت کا منصوبہ اور تعلیم کے شعبے میں مظفرآباد اور جہلم ویلی میں چھ ہائی سکولوں کی عمارتوں کی تعمیر کا 44 کروڑ 43 لاکھ 88 ہزار مالیت کا منصوبہ شامل ہے۔