لاہور (ویب نیوز)
لاہور ہائی کورٹ پنڈی بینچ نے متروکہ وقف املاک بورڈ کی جانب سے لال حویلی کا ایک یونٹ ڈی سیل کرنے کے بعد درخواست نمٹا دی۔ لال حویلی کا ایک یونٹ ڈی سیل کرنے سے متعلق درخواست پر جسٹس مرزا وقاص رف نے سماعت کی۔ سماعت کے موقع پر درخواست گزار شیخ رشید کی ہمشیرہ عابدہ شمیم کے وکیل سردار عبدالرازق خان عدالت میں پیش ہوئے۔ عابدہ شمیم نے لال حویلی کے یونٹ ڈی 156 کو سیل کرنے کے خلاف عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔ پٹیشن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ متروکہ وقف املاک بورڈ نے 30 جنوری کو غیرقانونی کریک ڈائون کیا اور درخواست گزار کی ملکیتی جائیداد ڈی 156 بھی سیل کر دی۔ پٹیشن میں موقف اپنایا گیا کہ درخواست گزار کی ملکیتی جائیداد شیخ رشید کا الیکشن آفس رہا ہے۔ عدالت کو بتایا گیا کہ شیخ رشید اب بھی این اے 62 سے امیدوار ہیں، سیل شدہ جائیداد میں ان کا الیکشن آفس بننا ہے۔ عدالت سے متروکہ وقف املاک بورڈ کی کارروائی کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی تھی۔