- عمران خان کی درخواست کے مطابق وہ جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے باعث کچہری نہیں آسکتے
- عمران خان ضلع کچہری سے چند منٹوں کی دوری پر تھے، ان کی درخواست قابل قبول نہیں اس لئے مسترد کی جاتی ہے،فیصلہ
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ سے متعلق تفصیلی فیصلہ جاری کردیا۔ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے وارنٹ گرفتاری کا تفصیلی فیصلہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ عمران خان توشہ خانہ کیس میں متعدد بارعدالتی پیشی پر غیرحاضر رہے، وہ آخری سماعت کے عدالتی اوقات کے اندرپیش نہیں ہوئے۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان کی درخواست کے مطابق وہ جوڈیشل کمپلیکس میں پیشی کے باعث کچہری نہیں آسکتے، صاف ظاہر ہورہا ہے کہ عمران خان عدالتی پیشیوں کواپنی ترجیحات کے مطابق رکھ رہے ہیں اور توشہ خانہ کیس ان کی ترجیحات میں شامل نہیں۔عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا کہ عمران خان ضلع کچہری سے چند منٹوں کی دوری پر تھے، ان کی درخواست قابل قبول نہیں اس لیے مسترد کی جاتی ہے اور عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں۔عدالت نے چیئرمین تحریک انصاف کو 7 مارچ کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔