لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد چیئرمین نیب تعینات

وزیر اعظم نے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے ساتھ مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کو چیئرمین نیب تعینات کرنے کی منظوری دی

فواد چوہدری نے نئے چیئرمین نیب کی تقرری کو متنازعہ قراردے دیا۔

اسلام آباد( ویب نیوز)

حکومت نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کو چیئرمین نیب تعینات کر دیا۔وزیر اعظم شہباز شریف نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) نذیر احمد کے نام کی منظوری دے دی جس کے بعد وزارت قانون نے سمری وفاقی کابینہ کو بھجوائی، وزیر اعظم نے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے ساتھ مشاورت کے بعد لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کو چیئرمین نیب تعینات کرنے کی منظوری دی۔

 

وفاقی کابینہ نے لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کو چیئرمین نیب لگانے کی سمری منظوری کر لی، ان کی تقرری کی سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دی گئی، وزارت قانون لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ نذیر احمد کی تقرری کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔واضح رہے چند روز قبل سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے اپنے عہدے سے استعفی دیا تھا، جس کی منظوری کے موقع پر وزیر اعظم نے موقف اپنایا کہ آفتاب سلطان نے ذاتی وجوہات کی بنا پر استعفی دیا ہے۔

مرکزی سینئر نائب صدر پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے نئے چیئرمین نیب کی تقرری کو متنازعہ قراردے دیا۔ اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ عدالت تحریک انصاف کے ممبران کے استعفی کا نوٹیفیکیشن معطل کر چکی ہے،تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کو قائد حزب اختلاف نامزد کر چکی ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ اس پس منظر میں نئے چیئرمین نیب کی تقرری میں حکومت اور اپوزیشن کی مشاورت کا عمل قانونی اعتبار سے نہیں ہوا۔انھوں نے کہا ہے کہعمران خان نے پھر متحد ہونے اور بات چیت کا راستہ اپنانے کا پیغام دیا ہے،اس مشکل صورتحال میں سیاست ہی ریاست کی ضامن ہے،سیاسی استحکام کی طرف بڑہیں اور قومی انتخابات کا فارمولہ طے کیا جائے۔