پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات 30اپریل کو ہونگے ،صدر نے منظوری دے دی

 صدر مملکت نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا

اسلام آباد (ویب نیوز)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 30اپریل کو پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کروانے کی منظوری دے دی۔۔ ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے تاریخ کا اعلان الیکشن کمیشن کی جانب سے تجویز کردہ تاریخوں پر غور کرنے کے بعد کیا۔الیکشن کمیشن نے 30 اپریل سے 7 مئی کے دوران پنجاب اسمبلی کے عام انتخابات کرانے کیلئے تاریخ تجویز کی تھی، الیکشن کمیشن نے انتخابات ترجیحا اتوار کے روز کرانے کی تجویز بھی دی تھی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اسمبلی کے انتخابات 30 اپریل سے 7 مئی کے دوران کرانے کی تجویز دے دی۔الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو خط ارسال کیا تھا جس میں صوبہ پنجاب کے انتخابات  کے انعقاد کے لیے 30اپریل سے 7مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کی گئی تھی۔قبل ازیں، چیف الیکشن کمشنر سلندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اہم مشاورتی اجلاس ہوا جس میں ممبران کمیشن و سیکریٹری الیکشن کمیشن شریک ہوئے۔ جس کے بعد الیکشن کمیشن نے صدر مملکت اور گورنر خیبرپختونخوا کو مراسلے تحریر کیے ہیں۔الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق سکندر سلطان راجا سربراہی میں ہونے والے اجلاس الیکشن کمیشن کے علاوہ اراکین کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سیئنر افسران نے بھی شرکت کی۔جاری بیان کے مطابق الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ آ ف پاکستان کے فیصلے کی روشنی میں صدر مملکت کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں صوبہ پنجاب کے انتخابات کے انعقاد کے لئے مورخہ 30اپریل سے 7مئی 2023 تک کی تاریخیں تجویز کی ہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق صدر مملکت کی طرف سے تاریخ کے انتخاب کے بعد الیکشن کمیشن اپنے آئینی اور قانونی فرائض انجام دینے کے لئے تیار ہے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے الیکشن کمیشن نے گورنر خیبر پختونخوا کو بھی مراسلہ بھیجا ہے جس میں تحریر کیا گیا ہے کہ سپریم کورٹ آ ف پاکستان کے آرڈر کی روشنی میں الیکشن کمیشن آپ کے جواب کے منتظر ہیں۔واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب کہ گزشتہ روز پنجاب اور خیبرپختونخوا اسمبلیوں کے انتخابات میں تاخیر سے متعلق از خود نوٹس کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلسل دوسرے روز ہونے والے مشاورتی اجلاس میں الیکشن کمیشن پاکستان نے پنجاب میں عیدالفطر کے تقریبا ایک ہفتے بعد انتخابات کرانے کی تجویز دینے کا فیصلہ کیا تھا۔