• لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف کوئی بھی حکم جاری کرنے سے روک رکھا ہے،وکیل عمران خان
  • ہائیکورٹ نے کمیشن کو حتمی فیصلے سے روکا ہے سماعت سے نہیں،چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ
  •  ڈپٹی ڈائریکٹر لا کی نااہلی کی وجہ سے نوٹس غلط اور تاخیر سے پہنچے،درخواست گزارآفاق احمد
  •   کسی پر انگلی نہ اٹھائیں،اونچا بولنے سے ہم آپ کے دبا ئومیں نہیں آئیں گے،چیف الیکشن کمشنر
  • چیف الیکشن کمشنر کے روکنے کے باجود درخواست گزار آفاق احمد نے مسلسل شور کیا
  •  ان کو پکڑ کر کمرہ عدالت سے باہر نکالیں،چیف الیکشن کمشنر کا حکم ، آفاق احمد کی درخواست بھی مسترد کردی

 

اسلام آباد  (ویب نیوز)

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو پارٹی سربراہی سے ہٹانے کے خلاف درخواست خارج کر دی۔الیکشن کمیشن میں عمران خان کی پارٹی چیئرمین شپ کے معاملے پر سماعت کے دوران بدتمیزی کرنے پر درخواست گزار کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا گیا۔الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں3 رکنی بینچ نے عمران خان کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری ہونے کے خلاف درخواست پر سماعت کی جس سلسلے میں عمران خان کے وکیل بیرسٹر گوہر اور درخواست گزار آفاق احمد الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے، عمران خان نے الیکشن کمیشن میں جواب جمع کروایا۔دوران سماعت وکیل عمران خان بیرسٹر گوہر نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ معاملے پر حکم امتناع بھی دے چکی ہے جبکہ ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو عمران خان کے خلاف کوئی بھی حکم جاری کرنے سے روک رکھا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہائیکورٹ نے کمیشن کو حتمی فیصلے سے روکا ہے سماعت سے نہیں، جس پر بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ سماعت سے روکنے کے حکم کا تو میں بھی نہیں کہہ رہا۔ دورانِ سماعت درخواست گزار آفاق احمد نے چیف الیکشن کمشنرسے مسلسل بدتمیزی کی اور کہا کہ الیکشن کمیشن مجھے غلط نوٹس بھیجتا رہا ہے اور اسحاق ڈار کے نوٹس بھی مجھے بھیجے جا رہے ہیں، ڈپٹی ڈائریکٹر لا کی نااہلی کی وجہ سے نوٹس غلط اور تاخیر سے پہنچے۔چیف الیکشن کمشنر نے آفاق احمد کی سرزنش کرتے ہوئے کہا کہ کسی پر انگلی نہ اٹھائیں، اپنی آواز بھی نیچے رکھیں اور صرف کیس پر بات کریں۔ آفاق احمد نے کہا کہ سماعت کے بعد نوٹس ملنے کا جواب دہ کون ہے؟ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ آپ کہنا کیا چاہتے ہیں؟ آفاق احمد نے کہا کہ آپ جو سننا چاہتے ہیں وہ کہہ دیتا ہوں۔ اس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اونچا بولنے سے ہم آپ کے دبا ئومیں نہیں آئیں گے۔چیف الیکشن کمشنر کے روکنے کے باجود درخواست گزار آفاق احمد نے مسلسل شور کیا جس پر سکندر سلطان نے حکم دیا کہ ان کو پکڑ کر کمرہ عدالت سے باہر نکالیں۔چیف الیکشن کمشنر کے حکم پر درخواست گزار کو کمرہ عدالت سے باہر نکال دیا گیا جبکہ سکندر سلطان راجہ نے آفاق احمد کی درخواست بھی مسترد کردی۔چیف الیکشن کمشنر کے حکم پر درخواست گزار نے معافی کی التجا کی لیکن سکیورٹی اہلکاروں نے آفاق احمد کو کورٹ روم سے باہر نکال دیا۔