• عدالت نے آزاد امیدوار قیس منصور شیخ کی جانب سے فریق بننے کی درخواست پر نوٹس جاری کردیئے

کراچی (ویب نیوز)

سندھ ہائیکورٹ نے سندھ میں 16 مارچ کو 9 حلقوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے نوٹیفکیشن پرعمل درآمدروک دیا،سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی گئی ۔سندھ ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے 9 اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں کی منظوری کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی۔وکیل درخواست گزار نے کہا کہ لاہور، پشاور، اسلام آباد اور بلوچستان میں بھی ایسی ہی درخواستوں پر حکم امتناع مل چکا ہے۔عدالت نے سندھ میں 16 مارچ کو 9 حلقوں پر ہونے والے ضمنی الیکشن کے نوٹیفکیشن پرعمل درآمد روک دیا۔وکیل نے کہا کہ میں نے فریق بننے کی درخواست دائر کی ہے، ایک حلقے سے آزاد امیدوار ہوں جس پر چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ اس کیس میں جو ہوا ہے کیا آپ کوان کے حقائق معلوم ہیں۔عدالت نے آزاد امیدوار قیس منصور شیخ کی جانب سے فریق بننے کی درخواست پر نوٹس جاری کردیئے۔بعدازاں عدالت نے مزید سماعت 25 مارچ تک ملتوی کردی۔