لاہور (ویب نیوز)
ممبر برطانوی پارلیمنٹ اوربرطانوی وزیراعظم کے تجارتی سفیر مسٹر مارک ایسٹ ووڈ نے پنجاب سرمایہ کاری بورڈکا دورہ کیا۔نگران صوبائی وزیر صنعت، تجارت و توانائی ایس ایم تنویر نے یوکے ٹریڈ انوائے کا استقبال کیا۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر اور یوکے ٹریڈ انوائے کے مابین ملاقات کے دوران دو طرفہ تجارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔سی ای او پنجاب سرمایہ کاری بورڈ جلال حسن خان نے پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں اور سرمایہ کاروں کو دی جانے والی سہولتوں سے آگاہ کیا۔یو کے ٹریڈ انوائے ممبر برطانوی پارلیمنٹ مسٹر مارک ایسٹ ووڈ نے کہاکہ پاکستان اور پنجاب کے ساتھ مضبوط تجارتی تعلقات اورشراکت داری بڑھانا چاہتے ہیں۔ پنجاب اور برطانیہ کے سرمایہ کار مشترکہ منصوبے بھی شروع کرسکتے ہیں۔ مارک ایسٹ ووڈنے کہاکہ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہاکہ پنجاب میں تعلیم ، صحت ، توانائی، ٹیکسٹائل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔برطانوی سرمایہ کار پنجاب میں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں، کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔پنجاب کے 13سپیشل اکنامک زونز میں ملکی و غیرملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری کرسکتے ہیں۔صوبائی وزیر صنعت و تجارت نے مزیدکہاکہ پنجاب سرمایہ کاری بورڈ ملکی و غیرملکی سرمایہ کاروں کو ہرممکن سہولتیں ایک ہی چھت تلے دے رہا ہے۔یہاں بہترین تربیت یافتہ ، ہنرمند سستی لیبر موجود ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور برطانیہ کے مابین گہرے دوستانہ اور تجارتی تعلقات موجود ہیں۔تاہم باہمی تعاون کو مزیدبڑھانے کی بھی گنجائش موجود ہے۔ عوامی سطح پر رابطے بڑھاکر دوطرفہ تجارت کو فروغ دیا جاسکتا ہے۔مسٹر ایلن نیبوک ہیڈ آف برٹش پرائم منسٹر ٹریڈ انوائے ٹیم ، حامد کمال ڈپٹی ٹریڈ ڈائریکٹر برٹش ہائی کمیشن اور دیگر ملاقات میں موجود تھے جبکہ ایڈیشنل سیکرٹری کامرس زہیب مشتاق، ڈائریکٹر پنجاب سرمایہ بورڈ سہیل قادری اور متعلقہ افسران بھی ملاقات میں شریک تھے۔