لاہور  (ویب نیوز)

محتسب پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان نے محکمہ ایکسائز و ٹیکسیشن اور نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن کو ہدایت کی ہے کہ عوام کو گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کی ضلعی سطح پر ترسیل کیلئے قابل عمل اور منظم طریقہ کار وضع کیا جائے کیونکہ نمبر پلیٹس کے اجراء کا موجودہ طریقہ کار سست روی کا شکار ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے محکمہ ایکسائز کو ہدایت کی ہے کہ نمبر پلیٹس کے اجراء اور عوام کو فراہمی کی بابت رپورٹ دفتر محتسب پنجاب کو ہر ماہ پیش کی جائے۔دفتر محتسب پنجاب کے ترجمان نے  ایک بیان میں بتایا کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے اجراء اور فراہمی میں غیرضروری تاخیر سے عوام کو درپیش مسائل کے حوالے سے دفتر محتسب پنجاب کو موصولہ شکایات اور اخبارات میں شائع خبروں پر آن موشن نوٹس لیتے ہوئے صوبائی محتسب نے سیکرٹری محکمہ ایکسائز سے رپورٹ طلب کی کہ فیس کی ادائیگی کے باوجود گاڑی مالکان کو گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کیونکر مہیا نہیں کی جا رہی ہیں؟ اس حوالے سے محکمہ ایکسائز کی جانب سے دفتر محتسب پنجاب کو مطلع کیا گیا ہے کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ نے نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن سے گاڑیوں کی نمبر پلیٹس کے اجراء کیلئے 2020 میں معاہدہ کیا اور ابتدائی طور پر 20 لاکھ نمبر پلیٹس کی فراہمی کا پرچیز آرڈر جاری کیا۔ بعد ازاں مزید تیس لاکھ نمبر پلیٹس کے اجراء کیلئے دو پرچیز آرڈر جاری کئے گئے، تاہم بعض وجوہات کی بنیاد پر نمبر پلیٹس کی بر وقت فراہمی ممکن نہ ہوسکی اور اس مسئلہ کے حل کیلئے کنٹریکٹ کی شرائط کے مطابق ثالثی کا معاملہ زیر کارروائی ہے۔محکمہ ایکسائز کی جانب سے مزید مطلع کیا گیا ہے کہ دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے نوٹس لئے جانے کے بعد نیشنل ریڈیو اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کارپوریشن نے مزید نمبر پلیٹس کی فراہمی کا شیڈول دیا ہے جس کے مطابق نمبر پلیٹس کی فراہمی جاری ہے اوردسمبر 2022 تا جنوری 2023 کے دوران 152,086 نمبر پلیٹس تیار کر کے ایکسائز ڈیپارٹمنٹ کو فراہم کی گئی ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ محتسب پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں صوبہ بھر کے 22 لاکھ سے زائد گاڑی مالکان کو نمبر پلیٹس کی فراہمی سے ان کا دیرینہ مسئلہ اب جلد حل ہو جائے گا۔