لاہور (ویب ڈیسک)

محتسب پنجاب میجر(ر)اعظم سلیمان خان کی جانب سے ڈیرہ غازی خان، اوکاڑہ،بھکر،لاہور،وہاڑی، خانیوال اور لودھراں کے درخواست گزار افراد کی شکایات پر کارروائی کے نتیجے میں سائلین کو 45,057,535روپے کا قانونی ریلیف ملا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ محتسب میجر(ر)اعظم سلیمان خان کی ہدایت پرضلعی انتظامیہ کی کارروائی کے نتیجے میں ڈیرہ غازی خان کے محمد نوید حسین کو مظفرگڑھ کی ایک شوگر مل کی جانب سے گنے کی ادائیگی کی مد میں جاری کر دہ چیک کیش ہو گئے ہیں جس سے شکایت کنندہ کو 39,829,783کا ریلیف ملا ہے۔دفتر محتسب کی جانب سے ایک دوسری درخواست پرجاری کردہ احکامات پر عمل کرتے ہوئے ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر(مردانہ)دیپالپور نے اوکاڑہ کی رسولاں بی بی کو مرحوم شوہر کی دوران ملازمت وفات کے 7سال بعد 3,025,574روپے کے واجبات ادا کر دیے ہیں۔اس دوران بھکر کی ایک درخواست گزار جمیلہ ناز کو دفتر محتسب پنجاب کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے محکمہ زراعت نے ان کے مرحوم خاوند کی مالی امداد کے بقایا 15لاکھ روپے ادا کر دیے ہیں۔ترجمان نے مزید بتایا کہ محتسب پنجاب کے احکامات پر لاہور کے شکایت کنندگان سلطان ابراہیم اور محمد احسن غفور کو اوورسیز پاکستانیز کمیشن پنجاب نے اْن کی واجب الادا رقوم مالیت 1,162,765ادا کر دی ہیں۔دفتر محتسب پنجاب کی جانب سے دیگر درخواستوں پر کارروائی کے بعدوہاڑی کے محمد یعقوب ناظرکو مرحومہ اہلیہ کے واجبات ملازمت 510,354روپے ،میاں چنوں کے عادل حسین کوگریجویٹی کی بقایارقم 404,837روپے اوربھکر کے شکایت کنندہ چوہدری محمد امجد کی دوران سماعت وفات کی بناء پر اْن کی بیوہ رضیہ پروین کو 124,222روپے کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ تاخیر و غفلت کی مرتکب افسران کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت محکمانہ انکوائری کی تکمیل کے بعد وارننگ جاری کر دی گئی ہے۔ترجمان نے مزید بتایا کہ لودھراں کے تین مختلف شکایت کنندگان کی درخواستوں پر کارروائی کے بعد ضلعی اکائونٹس آفس نے ان کی 30ہزار روپے فی کس تنخواہوں کا اجراء کر دیا ہے۔درخواست گزار افراد نے قانونی دادرسی پر محتسب پنجاب میجر(ر)اعظم سلیمان خان کا شکریہ ادا کیا ہے