- وزیراعلیٰ کی زیرصدارت پنجاب چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس ، تمام چیمبرز آف کامرس کے عہدیداران کی شرکت
- ایگرو بیس انڈسٹریز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی عمل کو فروغ دینے کیلئے تجاویز ، صنعتکاروں اور تاجروں نے مسائل سے آگاہ کیا
- صنعتکاروں اور پولیس کی لائزن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی،صنعتکاروں اور تاجر برادری سے مشاورت کا عمل جاری رہے گا
لاہور (ویب نیوز)
نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں پنجاب چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی کا پہلا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب کے تمام چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے عہدیداران نے شرکت کی۔ صنعتکاروں اور تاجروں نے انڈسٹریز کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ صوبے میں ایگرو بیس انڈسٹریز، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور صنعتی عمل کو فروغ دینے کے حوالے سے تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تاجر برادری اور صنعتکاروں کے مسائل حل کرنے کیلئے فوری اقدامات کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صنعت و تجارت کو درپیش مسائل کے حل کے لئے پنجاب چیمبرز آف کامرس کوآرڈینیشن کمیٹی تشکیل دی ہے۔صنعتکاروں اور تاجروں کے لئے جو کچھ ممکن ہوا کریں گے۔انڈسٹریل اسٹیٹس میں لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے پولیس کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔صنعتکاروں اور پولیس کی لائزن کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی۔صنعتکاروں اور تاجر برادری سے مشاورت کا عمل آئندہ بھی جاری رہے گا۔ صوبائی وزیر صنعت و تجارت ایس ایم تنویر نے کہا کہ بزنس کمیونٹی کا معیشت کے فروغ میں کلیدی کردار ہے۔ پنجاب کی سطح کے مسائل خود حل کریں گے جبکہ وفاقی سطح کے مسائل کے حل کیلئے سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوا ئی جائیں گی۔ صوبائی وزراء ایس ایم تنویر،بلال افضل، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری لیبر، سیکرٹری صنعت اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔