زرمبادلہ کے ذخائر 49 کروڑ ڈالر اضافے کے بعد 9.75 ارب ڈالر ہوگئے
پاکستان اسٹاک میں کاروبار کا مثبت دن، 7 ارب 43 کروڑ مالیت شیئرز کے سودے ہوئے
انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 3 روپے 18 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 3 روپے 50 پیسے مہنگا
اسلام آباد( ویب نیوز)
زرمبادلہ کے ذخائر 49 کروڑ ڈالر اضافے کے بعد 9.75 ارب ڈالر ہوگئے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق 3مارچ 2023 کو سٹیٹ بینک کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 4.30ارب ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس زرمبادلہ کے ذخائر کا حجم 5.45 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا۔گزشتہ ہفتہ کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 500ملین ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔3مارچ 2023 کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران سٹیٹ بینک آف پاکستان کو چین سے گورنمنٹ آف پاکستان تجارتی قرض کی تقسیم کے طور پر 500ملین ڈالر موصول ہوئے۔ بیرونی قرضوں کی ادائیگی کے حساب کتاب کے بعد سٹیٹ بینک کے ذخائر 487ملین امریکی ڈالر بڑھ کر 4.30ملین امریکی ڈالر ہو گئے
پاکستان اسٹاک میں کاروبار کا مثبت دن.
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا مثبت دن رہا اور 100 انڈیکس میں 226 پوائنٹس کا اضافہ دیکھنے میں آیا۔پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے دوران 100 انڈیکس 226 پوائنٹس اضافے کے بعد 41585 پر بند ہوا اور کاروباری دن میں 100 انڈیکس 289 پوائنٹس کے بینڈ میں رہا۔ جمعرات کو بازار میں 22 کروڑ 90 لاکھ شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 7 ارب 43 کروڑ روپے رہی جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن 22 ارب روپے بڑھ کر 6367 ارب روپے ہے
انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں بڑا اضافہ
ملک میں جمعرا ت کو بھی ڈالر کی قدر میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ۔انٹربینک تبادلہ مارکیٹ میں ایک امریکی ڈالر 3 روپے 18 پیسے اور اوپن مارکیٹ میں 3 روپے 50 پیسے مہنگا ہوا ہے۔ بدھ کو کاروبار کے اختتام پر انٹربینک میں ڈالر 279 روپے 12 پیسے پر بند ہوا تھا اور جمعرات کو ڈالر کی انٹربینک میں اختتامی قیمت 282 روپے 30 پیسے ہے۔اوپن مارکیٹ میں ڈالر کا بھا 284 روپے 50 پیسے ہے۔ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ تبادلہ کا فرق 2 روپے 20 پیسے ہے