دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد اور خودکش جیکٹ بنانے والا مواد برآمد ہوا ہے، ترجمان سی ٹی ڈی

لاہور (ویب نیوز)

محکمہ انسدادِ دہشت گردی(سی ٹی ڈی)نے لاہور سمیت پنجاب کے 3 شہروں سے کالعدم تنظیموں کے 12 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور سے 3 دہشت گردوں کو حساس علاقے کے قریب سے گرفتار کیا گیا، دہشت گردوں کا تعلق القاعدہ اور ٹی ٹی پی سے ہے۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا ہے کہ دہشت گردوں کے قبضے سے بارودی مواد اور خودکش جیکٹ بنانے والا مواد برآمد ہوا ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا ہے کہ دہشت گرد حساس مقامات پر تخریب کاری کرنا چاہتے تھے۔ سی ٹی ڈی کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں جبکہ ان سے تفتیش بھی جاری ہے۔ ترجمان سی ٹی ڈی کا یہ بھی کہنا ہے کہ 797 کومبنگ اور سرچ آپریشنز میں اب تک 159 مشتبہ افراد گرفتار کیے جا چکے ہیں۔