پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کی فیس سیونگ کے لیے 53 یوسیز میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا،حافظ نعیم الرحمن
نئی مردم شماری کے بعد تو تمام حلقہ بندیوں کی تعداد از سر نو متعین کی جائے گی ،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کراچی والوں کو بیوقوف نہ بنائیں
حافظ نعیم الرحمن کل اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی چھینی گئی نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی سماعت میں شرکت کریں گے
کراچی(ویب نیوز)
امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی حلقوں میں53یوسیز کے اضافے کے نوٹیفکیشن پر رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ایم کیو ایم کو فیس سیونگ دینے کے لیے 53 یوسیز میں اضافے کا نوٹیفیکیشن جاری کیا ہے نوٹیفکیشن میں لکھا ہے کہ یہ اضافہ آئندہ انتخابات کے لیے ہے ۔نئی مردم شماری کے بعد تو قومی، صوبائی وبلدیاتی حلقوں ،سبھی کی تعداد از سر نو متعین کی جائے گی ۔پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کراچی والوں کو مل کر بیوقوف نہ بنائیں۔دریں اثناء حافظ نعیم الرحمن منگل کو اسلام آباد میں جماعت اسلامی کی چھینی گئی نشستوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی سماعت میں شرکت ،بعدازاں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کریں گے ۔#