- انسانی اسمگلنگ کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کریں گے،وفاقی وزیر اوورسیزپاکستانیز کی کوئٹہ میں پریس کانفرنس
کوئٹہ (ویب نیوز)
وفاقی وزیر اوورسیزپاکستانیز ساجد حسین طوری نے کہا ہے کہ اٹلی کشتی حادثے میں 14 پاکستانی جاں بحق ہوئے۔ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ساجد حسین طوری کا کہنا تھا کہ 14پاکستانیوں میں سے 8 کی لاشیں پاکستان پہنچ چکی ہیں، ہاکی کی کھلاڑی شاہدہ رضا کا جسد خاکی دو روز میں پاکستان آجائیگا۔ ساجد حسین طوری کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ پاکستان کے لوگ قانونی طریقے سے بیرون ملک جائیں، انسانی اسمگلنگ کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کریں گے۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اوورسیزپاکستانیوں کے مسائل حل کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں،اوور سیزپاکستانیوں کی زمینوں پر ہونے والے قبضے کا فیصلہ اب جلد ہوا کریگا۔ خیال رہے کہ گزشتہ ماہ اٹلی کے ساحل کے قریب کشتی ڈوبنے کے حادثے میں ابتدائی طور پر 28 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی اطلاع سامنے آئی تھی، پاکستانی سفارتخانے نے کشتی ڈوبنے کے واقعے میں 28 پاکستانیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔ بعد ازاں اٹلی میں پاکستان کے سفیر علی جاوید نے کہا تھا کہ کشتی پر 20 پاکستانی سوار تھے جن میں سے 16 پاکستانیوں کو ریسکیوکیا گیا جس کے بعد ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نیکشتی ڈوبنے کے حادثے میں 4 پاکستانی جاں بحق ہونے کی تصدیق کی تھی۔