- تھانہ گولڑہ میں دہشتگردی دفعات کے تحت درج مقدمہ سی ٹی ڈی منتقل
اسلام آباد (ویب نیوز)
تحریک انصاف کے رہنماوں کے خلاف تھانہ گولڑہ میں دہشتگردی دفعات کے تحت درج مقدمہ سی ٹی ڈی منتقل کردیا گیا۔18 مارچ کو چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس پیشی کے موقع پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنان کے مابین ہونے والے تصادم کے دوران بم ڈسپوزل اسکواڈ کی گاڑی تباہ کرنے کا مقدمہ راولپنڈی کے تھانہ گولڑہ میں درج کیا گیا تھا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق پولیس حکام نے تھانہ گولڑہ میں دہشت گردی دفعات کے تحت درج مقدمہ سی ٹی ڈی منتقل کردیا ہے، اور مقدمے کے ساتھ بم ڈسپوزل گاڑی اور سامان کی فہرست بھی شامل کی گئی ہے۔حکام کے مطابق چاروں مقدمات تحقیقات کیلئے جے آئی ٹی منتقل کیے جائیں گے، ان میں بم ناکارہ بنانے کے 26 اوزار اور قیمتی سامان فہرست میں شامل ہے، جب کہ 3 وائرلیس سیٹ، الیکٹروائر اور 6 عدد بم سوٹ بھی گاڑی میں نذر آتش ہو گئے تھے، اس کے علاوہ بم لوکیٹر مائن ڈیڈیکٹر میٹل ڈیڈیکٹر بھی گاڑی میں موجود تھا۔بم ڈسپوزل گاڑی کے مقدمہ میں اعظم سواتی، عاطف خان اور زلفی بخاری سمیت 13 افراد نامزد ملزم ہیں۔پولیس نے انتباہ جاری کردیا کہ لوٹا گیا سامان انتہائی حساس ہے، یہ سامان خریدنا یا پاس رکھنا قانون کے مطابق جرم ہے ۔۔