لاہور ،بہاولپور،جیکب آباد (ویب نیوز)

پنجاب سمیت ملک کے  مختلف شہروں میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس کے باعث  نشیبی علاقے زیرآب آ گئے،بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی ،گندم ، سرسوں ،چنے کی فصل کو نقصان پہنچا۔محکمہ موسمیات کے مطابق  صوبائی دارالحکومت لاہور،سرگودھا اور خوشاب میں برسات کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا ،گوجرہ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، کمالیہ، جھنگ، جہانیاں میں بھی موسلادھار بارش سے موسم تبدیل ہو گیا۔وہاڑی ، راجن پور، اوچ شریف،ظاہرپیر ،مظفرگڑھ ،خانیوال ، لیہ ،بھکر ،میانوالی ودیگر شہریوں میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش ہوئی جس کے باعث موسم تو خوشگوار ہو گیا مگر نشیبی علاقے زیر آب آگئے اور بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔احمد پورشرقیہ اور گردونواح میں بھی گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی جس سے بجلی کا نظام درہم برہم ہو گیا اور بجلی کے متعدد فیڈرز ٹرپ کر گئے جبکہ بارش کے باعث گندم ،سرسوں اور چنے کی فصلوں کو کافی نقصان پہنچا۔کاشتکاروں نے کہا کہ گندم کٹائی کے سیزن کے دوران بارشوں کے سبب پیداوار میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔دوسری جانب شمالی وزیرستان میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی، بارشوں سے چنے اور گندم کی فصل کو نقصان پہنچا جبکہ شدید بارشوں کے بعد بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی جس وجہ سے شہریوں کو سحری میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ادھر شمالی وزیرستان اور بنوں میں بھی وقفے وقفے سے بارش جاری ہے، سندھ کے ضلع جیکب آباد میں بھی رات گئے بارش ہوئی، بارش کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا۔