اسلام آباد ہائی کورٹ، دہشتگردی دفعات کے تحت8 مقدمات میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 18اپریل تک توسیع

عدالت نے تمام مقدمات میں عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخوسست منظور کر لی

عدالت کی جانب سے عید کے بعد تک کاوقت دینے کی استدعا مسترد ،آئندہ سماعت پر عمران خان کو پیش ہونے کا حکم

 عمران خان 18اپریل کو پیش ہوں، ٹرائل کورٹ کے سامنے سرینڈر کرنے کے لئے عید الفطر کے بعد تک کاوقت دیا جائے گا،عدالت

عمران خان کی ہر پیشی کے لئے کروڑوں روپے کا خرچہ ہوجاتاہے،ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد

انصاف کو سب کیلئے برابررکھنا ہے، دیکھنا ہے کہ کل کوئی اگر اللہ دتہ آتا ہے تویہ اسے بھی ریلیف دے پائیں گے،چیف جسٹس عامرفاروق

اسلام آباد  (ویب نیوز)

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میںجسٹس میاں گل حسن پرمشتمل دورکنی بینچ نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان کی دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج8 مقدمات میںعبوری ضمانت میں 18اپریل تک توسیع کردی۔ عدالت نے تمام مقدمات میں عمران خان کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخوسست منظور کر لی۔عدالت نے قراردیا ہے کہ عمران خان 18اپریل کو پیش ہوں اس کے بعد انہیں ٹرائل کورٹ کے سامنے سرینڈر کرنے کے لئے عید الفطر کے بعد تک کاوقت دیا جائے گا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق کی سربراہی میںدورکنی  بینچ نے عمران خان کی دہشت گردی دفعات کے تحت درج 8مقدمات میں عبوری ضمانت کے لئے دائردرخواستوں پر سماعت کی۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد بیرسٹر جہانگیر خان جدون کا دوران سماعت کہنا تھا کہ عمران خان کی ہر پیشی کے لئے کروڑوں روپے کا خرچہ ہوجاتاہے۔اس پر چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ ہم نے انصاف کو سب کے لئے برابررکھنا ہے، دیکھنا ہے کہ کل کوئی اگر اللہ دتہ آتا ہے تویہ اسے بھی ریلیف دے پائیں گے۔چیف جسٹس عامر فاروق نے عمران خان کے وکلاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سابق امریکی صدرعدالت میں پیش بھی ہو گئے ہیں اور اور فردجرم کاسامنا بھی کرلیا ہے، یہاں پرصورتحال مختلف کیوں ہے۔ اس پر عمران خان کے وکلاء کا کہنا تھا کہ ہمیں یہاں پر 140مقدمات کا سامنا ہے، لہذاایسی کسی بحث میں نہیں جانا چاہتے لیکن عمران خان سرینڈر کرنا چاہتے ہیں اوروہ خود پیش بھی ہوں گے عید کے بعد دوسرے یاتیسرے ورکنگ ڈے تک کا وقت دیا جائے، اتنے کیسز ہیں اور تفتیش بھی جوائن کرنی ہے۔جسٹس عامر فاروق کا کہنا تھا کہ ماتحت عدالتوں میں بھی ڈیکورم برقراررہنا چاہیئے ، ابھی توجے آئی ٹی نے بھی نہیں ابھی تو15رمضان ہے اور عید میں آدھا مہینہ باقی ہے ، ضمانت قبل ازگرفتاری میں دو ہفتوں کی تاریخ کیسے دے دیں۔عدالت کے جانب سے عید کے بعد تک کاوقت دینے کی استدعا مستردکردی گئی اور عمران خان کو 18اپریل کوپیش ہونے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ عمران خان کی جانب سے بیرسٹر سلمان صفدر، انتظار حسین پنجوتھا اور نعیم حیدر پنجوتھا بطور وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔