گوجرانوالہ (ویب نیوز)
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ عدالتی مہلت پر عمل کرتے ہوئے گوجرانوالہ کی انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش ہوگئے جس کے بعد ان کے وارنٹ گرفتاری منسوخ کردئیے گئے۔ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج رانا زاہد اقبال نے مقدمے کی سماعت کی جس کے دوران رانا ثناء اللہ اور ان کی لیگل ٹیم نے عدالت میں اپنا موقف پیش کیا۔رانا ثناء اللہ نے عدالت کو آگاہ کیا کہ وہ عدالت کی جانب سے طلب کیے جانے کے باوجود حکومتی مصروفیات کی وجہ سے گزشتہ پیشی پر نہیں آسکے تھے۔عدالت نے ان کا عذر جاننے کے بعد ان کے خلاف جاری ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری منسوخ کردیے اور ساتھ 5 لاکھ روپے کے مچلکے بھی جمع کرانے کا حکم دیا۔بعدازاں عدالت نے مقدمے کی سماعت 28اپریل تک ملتوی کردی۔