•  بشریٰ بی بی کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے، اس کا جواب وفاق کے وکیل داخل کرائیں گے،اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل
  • عدالت نے بشریٰ بی بی کی درخواست پر فریقین سے 12 اپریل کو جواب طلب کرلیا ،سماعت ملتوی

لاہور (ویب نیوز)

چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی نے ایف آئی اے کے نوٹس کو لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ بشریٰ بی بی کی درخواست پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے سماعت کی۔ اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل اور سابق خاتون اول کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے۔ درخواست گزار بشریٰ بی بی کے وکیل نے عدالت میں موقف اختیار کیا کہ ایف آئی اے نے بے بنیاد الزامات کے تحت انکوائری شروع کی، اور سیاسی بنیادوں پر انکوائری میں درخواستگزار کو طلبی کے نوٹس جاری کئے۔وکیل نے موقف پیش کرتے ہوئے عدالت سے استدعا کی کہ خدشہ ہے کہ ایف آئی اے درخواست گزار کو گرفتار کرلے گی، عدالت ایف آئی اے کے طلبی کے نوٹس کالعدم قرار دے۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کیخلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے، اس کا جواب وفاق کے وکیل داخل کرائیں گے۔عدالت نے اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ ان کے خلاف اینٹی کرپشن میں بھی کوئی معاملہ تھا۔اسسٹنٹ ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو جواب دیا کہ اینٹی کرپشن کی حد تک رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کردوں گا۔عدالت نے بشری بی بی کی درخواست پر فریقین سے 12 اپریل کو جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔