- جوڈیشل کمپلیکس ہنگامہ آرائی کیس، پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں میں 17 مئی تک توسیع
- عدالت نے شبلی فراز، مراد سعید، فرخ حبیب ، حسان نیازی ودیگر کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظورکر لیں
- عمران خان کی حد تک آپ لوگ اسلام آباد ہائیکورٹ چلے گئے، عدالت عالیہ کے فیصلہ تک انسداد دہشت گردی کی عدالت فیصلہ نہیں کر سکتی،جج
- پی ٹی آئی رہنما ابھی تک شاملِ تفتیش نہیں ہوئے:تفتیشی افسر، شاملِ تفتیش کیا ہونا؟ ان کو افطاری پر بلاناہے؟:جج راجہ جواد عباس
- عدالت کی آئندہ پیشی پر ملزمان کو حاضری یقینی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد (ویب نیوز)
اسلام آباد کی انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس میں توڑ پھوڑ اور ہنگامہ آرائی کے کیس میں پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔پولیس کی جانب سے تحریک انصاف کے 75 کارکنوں کو عدالت میں پیش کردیا گیا۔ اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما اسد عمر، عامر کیانی، زلفی بخاری، خرم شہزاد، عمر ایوب، حماد اظہر، علی اعوان نواز اور شہزاد وسیم انسداد دہشت گردی کی عدالت پہنچ گئے جبکہ پی ٹی آئی کے وکلا سردار مصروف، علی بخاری اور نعیم پنجوتھہ بھی جج راجہ جواد عباس کی عدالت میں موجود تھے۔دوران سماعت جج نے ریمارکس دیئے کہ عمران خان کی حد تک ابھی آپ لوگ اسلام آباد ہائی کورٹ چلے گئے ۔ جب تک اسلام آباد ہائی کورٹ فیصلہ نہیں دیتی تب تک انسداد دہشت گردی کی عدالت فیصلہ نہیں کر سکتی۔ جج نے کہا کہ 6 ہیں، 60 ہیں یا 70 درخواستیں ہیں، اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کا انتظار کیا جائے گا۔جج راجہ جواد عباس نے کہا کہ جب معاملہ اسلام آباد ہائیکورٹ چلاگیا تو سیشن عدالتوں میں سماعت نہیں ہو سکتی۔ اس موقع پر تفتیشی افسر نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنما ابھی تک شاملِ تفتیش نہیں ہوئے۔ جج نے ریمارکس دیئے کہ شاملِ تفتیش کیا ہونا؟ ان کو افطاری پر بلاناہے؟۔دوران سماعت پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کی کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کردی گئی۔ وکیل نعیم پنجوتھہ نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ جوڈیشل کمپلیکس پیشی پر بغیر وقوعہ کے حسان نیازی کو گرفتار کرکیاگیا۔ مراد سعید کے گھر چھاپا مارا گیا اور فرخ حبیب کے سسرال پر بھی چھاپہ مارا گیا۔ پی ٹی آئی رہنمائوں کو عدالت پیش ہونے میں مسائل ہیں کیونکہ اغوا کا ڈر ہے۔جج نے استفسار کیا کہ کس قانون کے تحت آپ کو حفاظت دیں؟وکیل نے جواب دیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں حفاظت کیلئے درخواست دی ہوئی ہے لیکن ابھی تک فیصلہ نہیں ہوا۔ جج نے ہدایت کی کہ ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ منظور کیا جاتا ہے لیکن آئندہ پیشی پر حاضری یقینی بنائیں۔عدالت نے شبلی فراز، مراد سعید، فرخ حبیب اور حسان نیازی کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں میں 17 مئی تک توسیع کردی۔