• جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس،عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 17مئی تک توسیع
  • آپ گزشتہ دو سماعتوں پر نہیں آئے، ایسا لگا کہیں اٹھا تو نہیں لئے گئے،جج کا فرخ حبیب سے استفسار
  •  مجھے ملک میں گھومنے کا کوئی شوق نہیں،فرخ حبیب

اسلام آباد (ویب نیوز)

اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس توڑ پھوڑ کیس میں عمران خان سمیت پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانتوں میں17مئی تک توسیع کردی۔منگل کو اسلام آباد کی انسداد دہشتگردی کی عدالت میں عمران خان اور دیگرپی ٹی آئی رہنمائوں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس توڑپھوڑکیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں اسد عمر، عمر ایوب،علی نواز، حماد اظہر، حسان نیازی، اعظم سواتی، راجہ خرم نواز اور فرخ حبیب عدالت میں پیش ہوئے۔شبلی فراز، اسدقیصر اور زلفی بخاری کی طرف سے حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں دائر کی گئیں جسے عدالت نے منظور کرلیا۔ وکیل ملزمان نے عدالت کو بتایا کہ عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں 3 مئی کو درخواست ضمانت مقرر ہے،ان کی اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت تک اے ٹی سی عبوری ضمانت میں توسیع کرے۔دورانِ سماعت جج راجہ جواد عباس نے فرخ حبیب سے استفسار کیا کہ آپ گزشتہ دو سماعتوں پر نہیں آئے، ایسا لگا کہیں اٹھا تو نہیں لئے گئے، اس پر فرخ حبیب نے کہا کہ مجھے ملک میں گھومنے کا کوئی شوق نہیں۔ عدالت نے وکلا کی استدعا منظور کرتے ہوئے تمام نامزد پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 17 مئی تک توسیع کردی۔