کچھ ملزمان شاملِ تفتیش ہوئے اور کچھ ابھی نہیں ہیں،پولیس کا موقف

لاہور (ویب نیوز)

لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 28 جون تک توسیع کر دی۔جمعہ کو پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنماحماد اظہر، ڈاکٹر یاسمین راشد، میاں اسلم اقبال، عمیر نیازی، مراد راس، جمشید چیمہ، مسرت جمشید، اعجاز چوہدری، یاسر گیلانی، عندلیب عباس اور دیگر لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں پیش ہوئے۔تمام رہنمائوں نے انسدادِ دہشت گردی کی عدالت میں حاضری مکمل کرائی۔سابق وفاقی وزیر شفقت محمود کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست عدالت میں پیش کی گئی۔تحریکِ انصاف کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ شفقت محمود کا آپریشن ہوا ہے، انہیں حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ پولیس ابھی تک ملزمان کو الزام ہی نہیں بتا رہی، پولیس الزام کی بابت معلومات دے گی تو حتمی بحث کریں گے۔پولیس کی جانب سے عدالت نے کو بتایا گیا کہ کچھ ملزمان شاملِ تفتیش ہوئے اور کچھ ابھی شاملِ تفتیش نہیں ہیں۔عدالت نے پی ٹی آئی رہنمائوں کی عبوری ضمانت میں 28 جون تک توسیع کر دی۔تحریکِ انصاف کے رہنمائوں کی پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی۔