•  پی ڈی ایم اے نے شدید بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا

لاہور/ پشاور (ویب نیوز)

پنجاب اور خیبر پختونخواکے مختلف شہروں میں رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور کے علاقے ایبٹ روڈ، شملہ پہاڑی، لکشمی چوک، اور اطراف میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا، کاہنہ، گجومتہ، نشتر کالونی اور اطراف میں بارش نے موسم کو مزید خوشگوار بنا دیا ، گلبرگ، اچھرہ، وحدت روڈ اور اطراف میں بھی ہلکی بارش سے سردی واپس آ گئی ۔ادھر پنجاب کے دیگر شہروں اوکاڑہ، رینالہ خورد اور حجرہ شاہ مقیم میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔مختلف علاقوں میں بارش ہوتے ہی بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی جبکہ شدید بارش سے نشیبی علاقے بھی زیرآب آگئے۔ دوسری جانب خیبرپختونخوا میں گذشتہ روز سے شروع ہونے والی بارش کا سلسلہ تاحال وقفے وقفے سے جاری رہا، اب تک پشاور میں 3، بونیر میں 11، تیمرگرہ میں 10، چترال میں 6 اور کلام میں ایک ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔محکمہ موسمیات نے اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیشگوئی کردی ۔ پنجاب بھر میں مطلع ابر آلود رہے گا جبکہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہوائوں اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے ۔دوسری جانب شدید بارشوں کے پیش نظر پی ڈی ایم اے کی جانب سے متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کردیا گیا ، ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے تیز ہوائوں اور ژالہ باری کے باعث کھڑی فصلوں بالخصوص گندم کو شدید نقصان پہنچنے کا اندیشہ ظاہر کیا ہے۔