اسلام آباد (ویب نیوز)
سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے صنعت و پیداوار کا اجلاس چیئرپرسن کمیٹی سینیٹر خالدہ عطیب کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں 3 اپریل2023 کو منعقد سینیٹ اجلاس میں سینیٹرز فیصل سلیم رحمان، دلاور خان، منظور احمد اور ہدایت اللہ کی جانب سے متعارف کرائے گئے ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز اتھارٹی ترمیمی بل 2023 کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔ ایکسپورٹ پروسیسنگ زونز کے حکام نے قائمہ کمیٹی کو آگاہ کیا کہ اس بل کے حوالے سے کچھ تجاویز تیار کی گئی ہیں۔ قائمہ کمیٹی نے بل کا شق وائز جائزہ لیتے ہوئے کچھ الفاظ کی ترمیم کے ساتھ بل کو متفقہ طور پر منظور کر لیا۔سینیٹر فیصل سلیم رحمان نے کہا کہ صنعتی زون کے قریب قائم صنعتوں کو بھی صنعتی زون میں شامل کرنے کیلئے اس بل میں تجاویز شامل ہونی چاہیں۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹرز، فدا محمد، محمد عبدالقادر، فیصل سلیم رحمان، ہدایت اللہ، ذیشان خانزادہ کے علاوہ وزارت صنعت و پیداوار کے اعلی حکام نے شرکت کی۔