قائمہ کمیٹی میں پیمر( ترمیمی)بل 2023 کی منظور ی باعث خوشی ہے ،مریم اورنگزیب

 تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا گیا اور ان کی معلومات اور آراکو بل میں شامل کیا گیاہے

بل کا بنیادی مقصد صحافیوں کی فلاح و بہبود اور پاکستان میں آزاد، ذمہ دارانہ میڈیا ماحول کو فعال کرنا ہے،ٹوئٹ

اسلام آباد( ویب  نیوز)

وفاقی وزیربرائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مجھے خوشی ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات نے پیمر( ترمیمی)بل 2023منظور کرلیا ،یہ بل میں نے گزشتہ روز قومی اسمبلی میں پیش کیا تھا، کمیٹی کے ارکان اور میرے درمیان جامع بحث کے بعد کمیٹی نے بل کی منظوری دی، پیمرا بل گزشتہ ایک سال کے دوران تمام سٹیک ہولڈرز کے ساتھ وسیع مشاورت کے بعد تیار کیا گیاہے،یہ سٹیک ہولڈرز جوائنٹ کمیٹی کا حصہ ہیں جن میں پی ایف یو جے، پی بی اے، ایمنڈ، سی پی این ای اور اے پی این ایس شامل ہیں۔ ان خیالات کااظہار مریم اورنگزیب نے ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کو آن بورڈ لیا گیا اور ان کی معلومات اور آراکو بل میں شامل کیا گیا۔ بل کو تمام سٹیک ہولڈرز کے دستخطوں کے بعد حتمی شکل دی گئی،میں بل کی تیاری میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی فعال شرکت، وقت، کوشش اور قیمتی ان پٹ پر ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ بل کا بنیادی مقصد صحافیوں کی فلاح و بہبود کو بہتر بنانا اور پاکستان میں آزاد، ذمہ دار اور اخلاقی میڈیا ماحول کو فعال کرنا ہے جیسا کہ دنیا بھر کے جمہوری ممالک میں رائج ہے۔ یہ بل مختلف اہم دیرینہ مسائل اور معاملات کو حل کرے گا جن میں چیئرمین پیمرا کے غیر مرتکز اختیارات، پیمرا اتھارٹی اور شکایات کونسل میں پی ایف یو جے اور پی بی اے کی نمائندگی کا فقدان، صحافیوں کی تنخواہوں کی ادائیگی میں تاخیر اور مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کی تعریف شامل ہیں۔بل کی نمایاں خصوصیات اور اس کی تیاری کے لئے وسیع شراکتی اور مشاورتی عمل کی تفصیلات سے آگاہ کرنے کے لئے اہم پریس کانفرنس کا انعقاد کروں گی۔