- کمزور مغربی سسٹم کوہ سلیمان پر موجود ، جنوبی پنجاب اورخیبرپختونخوا کی جانب بڑھ رہا ہے،پی ڈی ایم اے
- ہرنائی پنجاب شاہراہ اور سنجاوی زیارت لنک سڑکیں بدستور ٹریفک کیلئے بند، بڑی تعداد میں مال بردار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں
کوئٹہ (ویب نیوز)
بلوچستان میں کئی روز سے جاری موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ تھم گیا۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا سلسلہ تھمنے کے بعد برساتی نالوں میں سیلابی پانی اترنے لگا ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق کمزور مغربی سسٹم کوہ سلیمان پر موجود ہے اور سسٹم جنوبی پنجاب اور خیبرپختونخوا کی جانب بڑھ رہا ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے بارش سے ہونے والے نقصانات کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ صوبے میں انٹرلنک سڑکوں کو زیادہ نقصان پہنچا ہے تاہم بارش سے متاثرہ اضلاع میں رابطہ سڑکوں کی بحالی کاکام شروع کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ہرنائی پنجاب شاہراہ اور سنجاوی زیارت لنک سڑکیں بدستور ٹریفک کیلئے بند ہیں، راستوں کی بندش سے بڑی تعداد میں مال بردار گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق کوئٹہ چمن این 25 قومی شاہراہ شیلاباغ کے قریب کئی مقامات پر متاثر ہے۔