اسلام آباد (ویب نیوز)
بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے ملک بھر میں بینظیر کفالت کے تحت 90لاکھ رجسٹرڈ مستحق خاندانوں کو جنوری تا مارچ کے سہ ماہی وظائف کی ادائیگی کی جا رہی ہے۔ اب تک 75لاکھ خاندانوں کو اضافہ شدہ 8500روپے کی ادائیگی کی جا چکی ہے۔ جاری تفصیلات کے مطابق بینظیر کفالت کے سہ ماہی وظائف کیساتھ ساتھ مستحق خاندانوں کو بینظیر تعلیمی وظائف کی سہ ماہی قسط بھی ادا کی جارہی ہے۔ تعلیمی وظائف ایسے خاندانوں کو دئیے جاتے ہیں جن کے بچے تعلیمی وظائف میں رجسٹرڈ ہیں اور انکی حاضری 70 فیصد سے زیادہ ہے۔اس کے ساتھ ساتھ حکومتِ سندھ کی جانب سے اعلان کردہ آٹا سبسڈی کے 2000روپے فی خاندان کی تقسیم بھی جاری ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے پاس رجسٹرڈ کل 64 لاکھ مستحق خاندانوں میں سے 26لاکھ،80ہزار مستحقین میں آٹا سبسڈی کی رقم ادا کی جا چکی ہے۔اس کے علاہ حکومت سندھ کے گندم بیج سبسڈی پروگرام کے تحت ایک لاکھ 33 ہزار سیلاب متاثرہ کاشتکاروں میں بھی ساڑھے 3 ارب 15 کروڑ روپے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے تقسیم کیے گئے۔ بینک ایجنٹوں کی طرف سے رقم کی ادائیگی کے دوران کٹوتیوں کی شکایات کے خلاف کارروائی کیلئے کریک ڈاون ، مقدمات کا اندراج اور ملزمان کی گرفتاریوں کا عمل بھی جاری ہے اور اس سلسلے میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے اعلی عہدیداران کی سربراہی میں مانیٹرنگ ٹیموں نے پنجاب، سندھ، بلوچستان اور دیگر علاقوں میں ادائیگی مراکز کے اچانک دورے کیے اور کٹوتی کی شکایات پر کاروائی کرتے ہوئے رقم کی کٹوتیوں میں ملوث ایجنٹوں کو بلیک لسٹ کیا گیا اور ایف آئی آرز بھی کٹوائی گئیں۔ وفاقی وزیر و چئیر پرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام محترمہ شازیہ مری نے مستحق خواتین کی رقم میں کٹوتی کرنے والے ایجنٹوں کے خلاف سخت کاروائی کی ہدایات کی گئی ہے۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سے رقوم حاصل کرنے والوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ کسی بھی شکایت کی صورت میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے قریبی تحصیل آفس میں شکایات درج کروائیں یا ہیلپ لائن نمبر0800-26477پر رابطہ کریں۔