بی آئی ایس پی نے9.2ملین مستحقین کیلئے کفالت وظائف کی سہ ماہی قسط بڑھا کر 10500 روپے کردی

8.9 ملین طلبا کے  تعلیمی وظائف میں بھی اضافہ؛ بچت اسکیم، کال سینٹر اور دیگر اقدامات بھی متعارف کرائے گئے ہیں

چیئرپرسن اور سیکرٹری بی آئی ایس پی  کی سول سروس اکیڈمی کے 51ویں کامن کے پروبیشنری  افسران کو بریفنگ

اسلام آباد( ویب  نیوز)

51ویں  کامن ٹریننگ پروگرام کے پروبیشنری افسران نے  بینظیر  انکم سپورٹ پروگرام ( بی آئی ایس پی) ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا ۔ اس دورے کا بینادی مقصد ان افسران کو غریب افراد کی  مدد اور سماجی و اقتصادی ترقی کو فروغ دینے میں  بی آئی ایس پی کے کردار کا ایک جامع جائزہ فراہم کرنا تھا۔ دورے کے دوران، بی آئی ایس پی کے سیکرٹری عامر علی احمد نے  بی آئی ایس پی اقدامات  کے بارے میں بریفنگ دی اور اس کے پروگراموں پر روشنی ڈالی۔ بریفنگ کے دوران عامر علی احمد نے بتایا کہ  کفالت وظائف کی سہ ماہی رقم کو  8750 سے 10,500 روپے  کردیا گیا ہے جس کے تحت 9.2 ملین  مستحق گھرانوں کی خواتین کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ مزید برآں، بینظیر تعلیمی وظائف  کے تحت، 8.9 ملین بچوں کا اندراج کیا گیا ہے، اور 1.5 ملین خواتین نشوونما پروگرام کے تحت فوائد حاصل کر رہی ہیں۔ بلوچستان اور سندھ کے دوردراز علاقوں میں پروگرام میں اندراج کیلئے موبائل رجسٹریشن وہیکلز چلائی گئیں۔ مسلسل بہتری اور ارتقا کے مراحل طے کرتے ہوئے ادائیگی کا نیا نظام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ خواتین کو ڈیجیٹل اور مالیاتی خواندگی پروگرام کے ذریعے تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ صارفین میں بچت کے کلچر کو فروغ دینے اور شکایات کے ازالے کے لیے  بی آئی ایس پی بچت اسکیم اور کال سینٹر بھی متعارف کرایا گیا ہے۔تقریب سے چیئرپرسن بی آئی ایس پی ڈاکٹر محمد امجد ثاقب نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے 51 ویں کامن کے پروبیشنری آفیسرز کو مبارکباد دی اور مستقبل کے پالیسی سازوں کے طور پر ان کے کردار پر زور دیا۔ انہوں  نے کہا کہ وہ BISP کے سفیر بنیں، ایک مثبت امیج پیش کریں اور قوم کے روشن مستقبل میں اپنا حصہ ڈالیں۔ بی آئی ایس پی کے حالیہ اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے، ڈاکٹر امجد ثاقب نے مستحقین کی بہتر خدمت کے لیے ایک وقف انڈومنٹ فنڈ کے قیام کا بھی ذکر کیا۔ انہوں نے شرکا کو اخوت کے تصور کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ آخر کس طرح بی آئی ایس پی پاکستان کے لوگوں کے درمیان شراکت کو مزید پائیدار اور خود انحصار پروگرام بنانے کے لیے ایک قدم اٹھا سکتا ہے۔بعد ازاں شرکا کے ساتھ  سوال و جواب کے ایک سشین کا بھی انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں سول سروس اکیڈمی کی ڈائریکٹر محترمہ فضا پرویز افضال اور بی آئی ایس پی کے ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر محمد طاہر نور نے بھی شرکت کی۔