انتخابی قانون میں ترامیم کے جائزہ کے لئے8رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی گئی
پی ٹی آئی،ن لیگ،پی پی پی ،جے یو آئی(ف) اور ایم کیو ایم شامل،چھوٹی پارلیمانی جماعتیں نظر انداز
انتخابی اصلاحات پر غور کیا جائے گا جمعہ کوکمیٹی کا اجلاس طلب ،دس روزمیں رپورٹ کی تیاری کا ٹاسک
اسلام آباد( ویب نیوز)
انتخابی قانون میں ترامیم کے جائزہ کے لئے8رکنی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی گئی کمیٹی میں بڑی جماعتوں کے ارکان کو شامل کرتے ہوئے چھوٹی جماعتوں کو نظر انداز کردیاگیا دس روز میں رپورٹ کی تیاری کا ٹاسک دے دیا گیا ۔تفصیلات کے مطابق الیکشن ایکٹ کی شق 57 ون اور 58 میں ترامیم کے معاملے پر چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے سپیکر کی مشاورت سے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دے دی۔ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی میں پی ٹی آئی سے سینیٹر بیرسٹرعلی ظفر، سینیٹر دلاور خان، جے یو آئی (ف) کے رہنما کامران مرتضی اور پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر تاج حیدر ایوان بالا سے کمیٹی کا حصہ ہوں گے ۔جب کہ قومی اسمبلی سے پیپلزپارٹی کے رہنما وفاقی وزیرتجارت نوید قمر، ن لیگ سے محسن شاہنواز رانجھا، ایم کیو ایم سے صابر قائم خانی اور افضل ڈھانڈلہ کمیٹی کے رکن ہوں گے۔انتخابی اصلاحات پر غور کیا جائے گا اور کمیٹی کا پہلا اجلاس کل جمعہ کے روز طلب کر لیا گیاہے۔ کمیٹی 10 روز میں الیکشن ایکٹ میں ترامیم تجویز کرے گی۔چیف الیکشن کمشنر نے پیر کے روز چیرمین سینیٹ اور سپیکر قومی اسمبلی کو الیکشن ایکٹ میں ترامیم کے لئے خطوط لکھے تھے