- زخمی ہسپتال منتقل، جاں بحق فائر فائٹرز کی سہیل، خالد شہزاد، محسن شریف اور عدنان کے نام سے شناخت ہوئی
کراچی (ویب نیوز)
نیو کراچی میں واقع ایک فیکٹری میں آگ لگنے سے عمارت شدید نقصان پہنچنے کے بعد زمین بوس ہو گئی، جس کے نتیجے میں 4 فائرفائٹرزجاں بحق اور دیگر 13 زخمی ہو گئے۔نیو کراچی کے سیکٹر بی-16 میں واقع عثمان اینڈ سنز بیڈ شیٹ کمپنی میں بدھ کو آگ بھڑک اٹھی تھی جو جمعرات کی صبح تک شدت اختیار کر گئی جس کے بعد عمارت منہدم ہو گئی جس کے نتیجے میں4فائرفائٹر جاں بحق ہو گئے ۔پولیس ترجمان ضلع وسطی نے بتایا کہ واقعہ کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کے ایم سی کے فائر فائٹرز کولنگ کے عمل میں مصروف تھے جب یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا، بعدازاں جاں بحق فائر فائٹرز کو سہیل، خالد شہزاد، محسن شریف اور عدنان کے نام سے شناخت کیا گیا اور 13 زخمیوں کو ملبے سے نکال کر فوری طبی امداد کے لئے ہسپتا ل روانہ کردیا گیا۔گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے بھی جمعرات کی صبح سائٹ کا دورہ کیا اور قیمتی جانوں کے ضیائع پر افسوس کا اظہار کیا۔