• بلوچستان میں بارش کی وجہ سے ہرنائی پنجاب شاہراہ اور کوئٹہ سبی شاہراہ پر سیلابی ریلوں سے ٹریفک متاثر

اسلام آباد  (ویب نیوز)

ملک کے مختلف شہروں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری رہا جس کے ساتھ ہی موسم خوشگوارہو گیا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب میں بھی وقفے وقفے سے بارش ہوئی۔لاہور، ساہیوال، حافظ آباد ،سیالکوٹ، سمندری، سرگودھا، بہاولپور، راجن پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے جل تھل ایک ہوگیا، بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ خیبرپختونخوا میں بارش سے گرمی کی شدت میں کمی آگئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں رات گئے موسم ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکے بادل برسنا شروع ہو گئے، بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بلوچستان کے علاقے سبی، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، لورالائی، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں بھی آندھی کے ساتھ طوفانی بارش ہوئی ہے۔بارش کی وجہ سے ہرنائی پنجاب شاہراہ اور کوئٹہ سبی شاہراہ پر سیلابی ریلوں سے ٹریفک متاثر  ہوگئی۔دوسری جانب گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف شہروں میں بھی موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔