اسلام آباد (ویب نیوز)

پنجاب اور خیبر پختونخوا سمیت ملک کے مختلف حصوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ تخت بھائی میں مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق جبکہ میاں بیوی زخمی ہو گئے۔پنجاب کے جڑواں شہروں سمیت مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ رات سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور، شیخوپورہ، چکوال، تلہ گنگ، سمیت بیشتر علاقوں میں مسلسل بارش کا سلسلہ جاری ہے جبکہ کہیں کہیں ژالہ باری بھی ہوئی جس سے گندم کی فصل کو نقصان پہنچا ۔بارش کے باعث مختلف شہروں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو کر رہ گئی جس کے باعث شہریوں کو سحری میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ شیخوپورہ سمیت مختلف شہروں میں بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرآب آ گئے۔بھمبر آزاد کشمیراور گردونواح میں بھی موسلا دھار بارش ہوئی اس دوران بجلی کی آنکھ مچولی بھی جاری رہی۔ وادی نیلم، اٹھ مقام اور گردونواح میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا ۔ لوات بالا، شاردہ، کیل گریس ویلی میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔موسلا دھار بارش کے باعث دریائے نیلم اور ندی نالوں میں پانی کے بہا ؤمیں اضافہ ہو گیا۔ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے خبردار کیا کہ لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے اس لیے سیاح اور شہری احتیاطی تدابیر پر عمل کریں۔خیبر پختونخوا کے بیشتر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ تخت بھائی اور گردونواح میں شدید بارش کے باعث کمرے کی چھت گر گئی۔ جس کے ملبے تلے دب کر 2بچے جاں بحق جبکہ اہلیہ اور خاوند شدید زخمی ہو گئے۔بلوچستان کے بھی مختلف شہروں میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری رہا۔ جس کے باعث سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہو گیا۔