نگران حکومتوں کی آئینی مدت ختم، پی ٹی آئی کا ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ
چوہدری پرویز الہی، محمود خان اور فواد چوہدری کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی
عمران خان نے اعلی سطح مشاورت کے بعد پٹیشن باقاعدہ طور پر دائر کرنے کی منظوری دے دی
نگران حکومت اپنی90روزہ آئینی مدت سے آگے نہیں جاسکتی، ایک دوروز میں پٹیشن سپریم کورٹ میں دائر کردی جائے گی، فواد چوہدری
اسلام آباد(ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف نے پنجاب اور خیبرپختونخوا کی نگران حکومتوں کی 90روزہ آئینی مدت ختم ہونے کے بعد دونوں صوبوں میں ایڈمنسٹریٹرز کی تقرری کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی درخواست میں استدعا کرے گی کہ نگران حکومتوں کی آئینی مدت مکمل ہونے کے بعد صوبوں میں ایڈمنسٹریٹرز مقرر کئے جائیں۔سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی، سابق وزیر اعلی کے پی محمود خان اور پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جائے گی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران خان نے اعلی سطح مشاورت کے بعد پٹیشن باقاعدہ طور پر دائر کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق نگران حکومتوں کی آئینی مدت ختم ہونے پر پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نگران حکومت اپنی90روزہ آئینی مدت سے آگے نہیں جاسکتی، سپریم کورٹ سے استدعا کریں گے کہ دونوں صونوں صوبوں میں ایڈمنسٹریٹرز مقرر کئے جائیںاورجب تک انتخابات نہیں ہوتے تو ایڈمنسٹریٹرز روزہ مرہ کے کاموں کو غیر جانبدادی کے ساتھ انجام دیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ایک دوروز میں پٹیشن سپریم کورٹ میں دائر کردی جائے گی۔