اسلام آباد / جدہ (ویب نیوز)
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس، شوال المکرم کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہذا پاکستان میں عید الفطر ہفتہ کو ہو گی۔مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے پاکستان کے کسی بھی حصے سے چاند کی رویت کی شہادت موصول نہ ہونے کا اعلان کردیا۔عید الفطر کے لیے شوال کا چاند دیکھنے کیلئے مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں شوال المکرم کا چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی، جمعہ ملک بھر میں 30 واں روزہ ہوگا۔چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کے زیر صدارت اجلاس میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان، محکمہ اوقاف، محکمہ موسمیات اور سپارکو کے نمائندے شریک ہوئے کراچی، لاہور، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ میں چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور نے اعلان کیا کہ پنجاب میں کہیں سے شوال کا چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لاہور میں چاند 7 بجکر 10 منٹ تک دیکھا جاسکتا تھا۔کراچی میں زونل رویت ہلال کمیٹی نے بھی کہا کہ اسے چاند نظر آنے کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج 7 بج کر 17 منٹ تک چاند دیکھنے کا وقت تھا۔اسلام آباد اور کوئٹہ میں بھی چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔زونل رویت ہلال کمیٹی پشاور کے رکن حافظ عبدالغفور نے کہا کہ پشاور میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا۔محکمہ موسمیات اور فلکیاتی ماہرین یہ امکان ظاہر کر چکے تھے کہ آج چاند نظر آنا مشکل ہے اور عید الفطر ہفتے کو ہو سکتی ہے،اجلاس میں سابق وزیر مذہبی امور مرحوم مفتی عبدالشکور کی ٹریفک حادثے میں ہلاکت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور ان کے درجات کی بلندی کے لئے دعائے مغفرت کی گئی ۔۔
- سعودی عرب میں ماہ شوال کا چاند نظر آگیا، عید آج جمعہ کو ہوگی
- کینیڈا اور امریکا میں بھی جمعہ کوعید منائی جائے گی
- ملائیشیا، آسٹریلیا، اردن کئی ممالک میں ماہ شوال کا چاند نظر نہ آنے پر ہفتے کو عید منائی جائے گی
سعودی عرب میں ماہ شوال المکرم 1443 ہجری کا چاند نظر آگیا۔سعودی میڈیا رپورٹ کے مطابق مملکت میں عید الفطر 21 اپریل بروز جمعہ کو ہوگی۔سعودی عرب کی سپریم کورٹ نے شہریوں سے جمعرات کو چاند دیکھنے کی اپیل کی تھی جبکہ ماہ شوال کے چاند کی تلاش کیلیے مرکزی کمیٹی اجلاس ہوا۔سعودی عرب کے علاوہ کینیڈا اور امریکا میں بھی جمعہ کوعید منائی جائے گی جبکہ ملائیشیا، آسٹریلیا، اردن کئی ممالک میں ماہ شوال کا چاند نظر نہ آنے پر جمعے کو تیسواں روزہ اور ہفتے کو عید منائی جائے گی۔۔