- عیدالفطرپرزمان پارک میں آپریشن کا خدشہ، بشری بی بی کا وزیراعظم اور وزیراعلی کو مراسلہ
- عید پر پولیس آپریشن کا خدشہ ہے، لارجر بینچ کا فیصلہ موجود ہے تاہم عدالتی حکم کی غلط تشریح کرنے کا پلان بنایا گیا ہے
- وزیراعظم اور نگراں وزیر اعلی پنجاب سمیت دیگر حکام عدالتی حکم کی پاسداری کرتے ہوئے کسی بھی آپریشن سے باز رہیں
- اگر زمان پارک آپریشن کیا گیا تو اعلی عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا، عمران خان کی اہلیہ کی جانب سے لکھے گئے مراسلے کا متن
لاہور (ویب نیوز)
عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے عیدالفطر کے موقع پر زمان پارک میں پولیس آپریشن کے خدشے کے پیش نظروزیراعظم اور نگران وزیراعلی پنجاب سمیت دیگر کو مراسلہ لکھ دیا۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے زمان پارک میں عید کے موقع پر ممکنہ آپریشن کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف اور نگران وزیراعلی پنجاب محسن نقوی سمیت دیگر کو اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے مراسلہ ارسال کیا ہے۔ مراسلے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ عید کے موقع پر پولیس کی جانب سے زمان پارک میں آپریشن کا خدشہ ہے، لارجر بینچ کا فیصلہ موجود ہے تاہم عدالتی حکم کی غلط تشریح کرنے کا پلان بنایا گیا ہے، پہلے بھی عدالتی حکم کی خلاف ورزی کرتے ہوئے آپریشن کیا گیا۔ مراسلے میں مزید لکھا گیا ہے کہ وزیراعظم اور نگراں وزیر اعلی پنجاب سمیت دیگر حکام عدالتی حکم کی پاسداری کرتے ہوئے کسی بھی آپریشن سے باز رہیں، اگر زمان پارک آپریشن کیا گیا تو اعلی عدالتوں سے رجوع کیا جائے گا۔ یاد رہے گزشتہ روز بھی عمران خان کی اہلیہ بشری بی بی نے عید کے موقع پر زمان پارک میں ممکنہ آپریشن کے خدشات کے پیش نظر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا، عدالت نے بشری بی بی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا تھا۔ واضح رہے اس سے قبل لاہور اور اسلام آباد کی ہائیکورٹس نے عمران خان کو ہراساں کرنے سے روکنے کے احکامات جاری کیے تھے، وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ بھی کہہ چکے ہیں کہ عمران خان عید سکون سے گزاریں انہیں پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔