• آنے اور جانے والوں کی اینٹری بھی ہونے لگی ہے،زمان پارک کے ارد گرد کی سڑکوں سے رکاوٹیں بھی دور کر دی گئیں

لاہور (ویب نیوز)

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی رہائش گاہ والے علاقے زمان پارک میں تجاوزات کے خلاف ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے آپریشن کلین اپ کرکے مکمل طور پر کنٹرول حاصل کرلیا،زمان پارک میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی۔زمان پارک میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی رہائش گاہ کی دونوں گلیوں کو بیریئرز اور کنٹینرز سے بند کیا گیا تھا اور زمان پارک کا علاقہ عام شہریوں کے لیے نو گو ایریا بن چکا تھا۔ضلعی انتظامیہ نے کرینوں کی مدد سے دونوں گلیوں کے بیریئرز اور کنٹینرز ہٹانے کا کام شروع کیا اور رات گئے تک کینال روڈ سے کنٹینر ہٹا کر روڈ کو کلیئر کر دیا۔دوسری جانب زمان پارک سے اکا دکا کارکن بھی غائب ہوگئے اور ان کے خیمے اکھڑ گئے، اس کے علاوہ عمران خان کے گھر کے دروازے پر پولیس اہلکار تعینات کئے گئے،آنے اور جانے والوں کی اینٹری بھی ہونے لگی ہے۔زمان پارک کے ارد گرد کی سڑکوں سے رکاوٹیں بھی دور کر دی گئیں ۔